اگرتلہ: تریپورا کے گورنر تتھاگت رائے نے ٹوئٹ کرکے روہنگیا مسلمانوں کے ہندوستان میں بازآبادکاری کی مخالفت کی ہے جس سے ایک نیا تناز ع پیدا ہوگیا ہے۔ مسٹر رائے کے ٹوئٹ سے تنازع کافی بڑھ گیا ہے۔ ان کے ٹوئٹ پر مختلف حلقوں سے وابستہ لوگ ان کی سخت نکتہ چینی کررہے ہیں۔ تمام نکتہ چینی کے باوجود مسٹر رائے اپنے موقف پر قائم ہیں ۔ وہ روہنگیامسلمانوں کے معاملے میں گذشتہ چند دنوں سے مسلسل ٹوئٹ کررہے ہیں۔
اس معاملے پر مسٹر رائے نے ٹوئٹ کرکے کہا ’’ بنگلہ دیش یا کوئی بھی مسلم ملک روہنگیا مسلمانوں کو پناہ گزین کے طور پر قبول نہیں کررہا ہے لیکن ہندوستان تو ایک بہت بڑا دھرم شالہ ہے اور اسے روہنگیا مسلمانوں کو قبول کرلینا چاہئے۔ اور اگر آپ نہیں کہتے ہیں تو آپ انسانیت مخالف ہیں۔‘‘ مسٹر رائے نے اس وقت کے مشرقی پاکستان میں ہندووں پر ہوئے مظالم اور قتل عام کا ذکر کرتے ہوئے روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے پر ایک کے بعد ایک ٹوئٹ کرنا جاری رکھا۔
بی جے پی نے گورنر کے اس بیان پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ جب کہ کانگریس اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے مسٹر رائے کے ٹوئٹ کی نکتہ چینی کرتے ہوئے ان پر اپنے عہدہ کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔ خیال رہے کہ بائیں بازو کے رہنماوں اور دانشوروں نے روہنگیا مسلمانوں کے ہندوستان میں پناہ دینے کی کھل کر حمایت کی ہے۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔