مغربی بنگال : بی جے پی کے انتخابی منشور میں مسلم مسائل کو بھی ملی جگہ ، کیا گیا یہ بڑا اعلان
مغربی بنگال : بی جے پی کے انتخابی منشور میں مسلم مسائل کو بھی ملی جگہ ، کیا گیا یہ بڑا اعلان
West Bengal Assembly Elections 2021 : مغربی بنگال میں 27 مارچ کو پہلے مرحلہ کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے ، ایسے میں آج وزیر داخلہ نے کولکاتہ میں پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے ریاست کے تمام لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی ۔
کولکاتہ : الیکشن کے موقع پر سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ انتخابی منشور کو بھی کسی پارٹی کے لئے عوام تک پہنچنے کا اہم ذریعہ مانا جاتا ہے ۔ ووٹ کے لئے دروازے پر آنے والے لیڈران کے ساتھ ان کا انتخابی منشور کتنا مضبوط و اہم ہوتا ہے ، اس پر بھی لوگوں کی نگاہیں ہوتی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ آج بی جے پی نے بنگال اسمبلی الیکشن کے لئے جاری کئے گئے اپنے انتخابی منشور میں سماج کے ہر طبقہ سمیت ریاست کی تیس فیصد مسلم آبادی کے مسائل کو بھی جگہ دی ہے ۔ آج بنگال میں وزیر اعظم و وزیر داخلہ کے انتخابی دورے کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ نے کولکاتہ میں بی جے پی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے ریاست کی مسلم آبادی کو بھی اپنی پارٹی کے منشور میں مخصوص جگہ دی ۔
وزیر داخلہ نے جہاں ریاست میں خواتین کیلئے کے جی سے پوسٹ گریجویٹ تک مفت تعلیم دینے کا اعلان کیا تو وہیں انہوں نے اقلیتوں کی ترقی و مدرسہ تعلیم کے فروغ کا بھی یقین دلایا ۔ ساتھ ہی مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی والے ضلع مرشد آباد میں تعلیمی ادارہ بنانے اور مسلمانوں کو تعلیمی میدان میں آگے لانے کا بھی اعلان کیا ۔ انتخابی منشور میں وعدوں کی بوچھاڑ ہے ، نئے سپنوں کو جگہ دی گئی ہے اور ایک بار پھر سونار بنگلہ کا نعرہ دیا گیا ہے ۔ اسمبلی الیکشن کے لئے مغربی بنگال میں 27 مارچ کو پہلے مرحلہ کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے ، ایسے میں آج وزیر داخلہ نے کولکاتہ میں پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے ریاست کے تمام لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی ۔ منشور میں کسانوں کے مسائل اور ان کے لئے نئی اسکیمیں بنانے کا اعلان کیا گیا ۔ وہیں تعلیم پر توجہ دی گئی ہے ۔ مفت تعلیم ، خواتین کو سرکاری نوکریوں میں مخصوص ریزرویشن کا بھی وعدہ کیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر ریاست میں بی جے پی کی سرکار بنتی ہے تو مضبوط ارادے ، مضبوط منصوبے اور سونار بنگال کے نعرے کے ساتھ نئی سرکار بنائیں گے ۔
ادھر ترنمول کانگریس نے بی جے پی کے انتخابی منشور کو گمراہ کن بتاتے ہوئے بی جے پی پر ترنمول کانگریس کے منصوبوں کو اپنے منشور میں شامل کرنے کا الزام لگایا ۔ وہیں سماجی کارکنوں نے بھی ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ عالیہ یونیورسٹی کے پروفیسر محمد ریاض نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک بھر میں تعلیمی اداروں میں بڑھتی فیس کے خلاف طلبہ احتجاج کررہے ہیں اور بنگال میں مفت تعلیم دینے کا اعلان حیران کن ہے ۔
انہوں نے اقلیتوں کے تعلق سے کئے گئے اعلان کو اہم بتاتے ہوئے کہا کہ وعدوں کی بوچھاڑ کی گئی ہے ، جو آنے والے وقت میں اپنی اہمیت برقرار رکھے گا یا سیاسی وعدہ ثابت ہوگا یہ دیکھنا اہم ہے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔