مغربی الیکشن : ریوائزڈ گائیڈلائن جاری ، روڈ شو پر پابندی ، ریلی میں صرف 500 لوگوں کو اجازت
EC Revises Guidelines For Bengal Polls: الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں نہ تو روڈ شو اور نہ ہی پد یاترا کی اجازت ہوگی۔ کوئی پارٹی یا رہنما سائیکل ، موٹر سائیکل یا گاڑیوں سے جلسہ نہیں کرسکتے ہیں۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Apr 22, 2021 11:31 PM IST
مغربی الیکشن : ریوائزڈ گائیڈلائن جاری ، روڈ شو پر پابندی ، ریلی میں صرف 500 لوگوں کو اجازت ۔ فائل فوٹو ۔ اے این آئی ۔
نئی دہلی : کورونا وائرس انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے جمعرات کی شام 7 بجے سے مغربی بنگال میں روڈ شو ، پدیاتراؤں ، سائیکل اور گاڑیوں کی ریلیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ کمیشن نے ایک بار پھر کورونا وائرس کے وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر سخت ہدایات جاری کی ہیں ۔
کمیشن نے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں نہ تو روڈ شو اور نہ ہی پد یاترا کی اجازت ہوگی۔ کوئی پارٹی یا رہنما سائیکل ، موٹر سائیکل یا گاڑیوں سے جلسہ نہیں کرسکتے ہیں۔ کمیشن نے کہا کہ اگر پہلے ہی ایسی کوئی اجازت دے دی گئی ہے ، تو اسے واپس لے لیا جاتا ہے ۔ کمیشن نے اس حقیقت پر برہمی کا اظہار کیا کہ بہت سی سیاسی جماعتیں اور امیدوار عوامی جلسوں کے دوران حفاظتی معیارات پر عمل نہیں کررہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ایک ہی جگہ پر 500 سے زائد افراد کے ساتھ جلسہ عام کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ اس دوران سوشل ڈسٹنسنگ اور کورونا سے متعلق دیگر تمام قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ سبھی امیدواروں اورسیاسی پارٹیوں کو کورونا گائیڈ لائنس پر سختی سے عمل کرنا ہوگا ۔ کسی بھی طرح کے ضوابطے کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ریلی کے آرگنائزرس کی ذمہ داری ہوگی کہ ریلی میں موجود لوگوں کو سینیٹائزر اور ماسک مہیا کرائے ۔ ساتھ ہی ریلی میں اتنے ہی لوگ جمع ہوں جتنے کی چھوٹ دی گئی ہے ۔
یو این آئی ان پٹ کے ساتھ ۔










