ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک کی مشکلات میں اضافہ ، سی بی آئی نے کوئلہ اسمگلنگ کیس میں اہلیہ کو پوچھ گچھ کیلئے بلایا : ذرائع
سی بی آئی سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ ابھی ابھیشیک کی اہلیہ کو ہی سمن جاری کیا گیا ہے اور انہیں آج ہی پوچھ گچھ کیلئے بلایا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ابھیشیک کو سمن ابھی نہیں دیا گیا ہے
- News18 Urdu
- Last Updated: Feb 21, 2021 05:04 PM IST

ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک کی اہلیہ کو سی بی آئی نے پوچھ گچھ کیلئے بلایا : ذرائع
مغربی بنگال میں اگلے کچھ مہینوں میں ہونے والی اسمبلی انتخابات سے پہلے ابھیشیک بنرجی کی مشکلات بڑھتی نظر آرہی ہیں ۔ مرکزی جانچ بیورو کی ایک ٹیم آج مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کے گھر پہنچی ۔ ذرائع کے مطابق کوئلہ اسمگلنگ کے معاملہ میں ابھیشیک بنرجی کی اہلیہ کو سمن جاری کیا گیا ہے ۔
سی بی آئی سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ ابھی ابھیشیک کی اہلیہ کو ہی سمن جاری کیا گیا ہے اور انہیں آج ہی پوچھ گچھ کیلئے بلایا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ابھیشیک کو سمن ابھی نہیں دیا گیا ہے ۔ ابھیشیک کی اہلیہ سے پوچھ گچھ کے بعد ابھیشیک کو بھی جلد ہی سمن جاری کیا جاسکتا ہے ۔
ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب کوئلہ اسمگلنگ معاملہ میں سی بی آئی نے ایکشن لیا اور ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کے گھر پر پہنچی ۔ سی بی آئی کی ٹیم جب ابھیشیک بنرجی کے گھر پہنچی تو وہ اور ان کی اہلیہ گھر پر نہیں تھے ۔ حالانکہ صورتحال بگڑنے کے اندیشہ کے پیش نظر پولیس نے پورے علاقہ کی بیریکیڈنگ کردی ہے ۔
بتادیں کہ کوئلہ کی غیرقانونی کان کنی اور اسمگلنگ کے معاملہ میں سی بی آئی مسلسل چھاپہ ماری کررہی ہے ۔ اس معاملہ میں جے دیو منڈل اور طویل عرصہ سے فرار چل رہے کہ کوئلہ مافیا انوپ ماجی عرف لالا کے ٹھکانوں پر بھی سی بی آئی نے کچھ دن پہلے ہی ریڈ ماری تھی ۔ اس دوران سی بی آئی نے کولکاتہ ، پرولیا ، مغربی وردھمان اور بانکوڑا میں تلاشی مہم چلائی تھی ۔