۔نئی دہلی: دہلی سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں اتوار کو شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ اس لئے عیدالفطر کا تہوار منگل کو منایا جائے گا اور پیر کو 30واں یعنی آخری روزہ ہوگا۔ فتح پوری کے شاہی امام مولانا مفتی مکرم احمد نے میڈیا کو بتایا کہ دہلی سمیت ملک کے کئی حصوں میں عیدالفطر کا چاند نظر نہیں آیا ہے، اس لئے عید کا تہوار منگل تین مئی کو منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا، ‘اترپردیش، بنگال، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، گجرات اور راجستھان سمیت کسی بھی ریاست سے چاند نظر آنے کی خبر نہیں ملی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو 30واں روزہ ہوگا اور شوال (اسلامی کلینڈر کا 10واں مہینہ) کی پہلی تاریخ منگل کو ہوگی۔ شوال کے مہینے کے پہلے دن عید ہوتی ہے۔
ملک کے کسی حصے سے چاند نظر آنے کی خبر نہیں
شاہجہانی مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ ملک کے کسی حصے سے شوال یعنی عیدالفطر کا چاند نظر آنے کی کوئی خبر نہیں ہے۔ امام بخاری نے کہا، ’عید تین مئی منگل کے دن منائی جائے گی‘۔ دوسری جانب، امارت شرعیہ ہند نے بھی اعلان کیا ہے کہ اتوار کو ملک کے کسی حصے میں میٹھی عید کا چاند نظر نہیں آیا ہے، لہٰذا منگل کو دہلی اور ملک کے دیگر حصوں میں عید کا تہوار منایا جائے گا۔
’عیدالفطر 3 مئی کو منائی جائے گی‘
مختلف رویت ہلال کمیٹی نے ایک بیان میں کہا، ’اترپردیش کے لکھنو، کانپور، اعظم گڑھ اور سیتا پور، بہرائچ، مدھیہ پردیش کے کھرگون، گجرات کے گودھرا، مہاراشٹر کے دھلے، کرناٹک کے بنگلورو، بنگال، آسام، کشمیر اور پنجاب وغیرہ سے رابطہ کیا گیا، لیکن کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی اطلاع نہیں ہے‘۔ مسلم مذہبی رہنما خالد رشید فرنگی محلی نے یہ بھی اعلان کیا کہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے اور اس لئے عید تین مئی کو منائی جائے گی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔