Rahul Gandhi Defamation Case: وائناڈ ضمنی انتخاب کے اعلان سے پہلے الیکشن کمیشن قانونی پہلو پر بھی نظر رکھے گا یعنی راہل گاندھی کی اوپری عدالت میں اپیل اور عدالت کے فیصلے پر بھی نظر رکھے گا۔
نئی دہلی : سورت کی ایک عدالت نے ہتک عزت کیس میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو 2 سال کی سزا سنائی ہے۔ اس کے بعد جمعہ کو راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کر دی گئی۔ وہ وائناڈ کیرالہ سے لوک سبھا کے رکن تھے۔ معلومات کے مطابق وائناڈ ضمنی انتخاب کے اعلان سے پہلے الیکشن کمیشن قانونی پہلو پر بھی نظر رکھے گا یعنی راہل گاندھی کی اوپری عدالت میں اپیل اور عدالت کے فیصلے پر بھی نظر رکھے گا۔ دراصل الیکشن کمیشن یہ نہیں چاہتا ہے کہ وائناد ضمنی انتخاب کا اعلان ہوجانے کے بعد اس کو رد کرنا پڑے ۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں لکشدیپ کے ممبر پارلیمنٹ کی رکنیت ہائی کورٹ سے بحال ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کو لکشدیپ ضمنی انتخاب کو رد کرنا پڑا تھا ۔ دراصل نچلی عدالت سے قصوروار قرار دئے جانے کے بعد لکشدیپ کے ممبر پارلیمنٹ محمد فیضل کی رکنیت ختم کردی گئی تھی ۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کا اعلان کردیا تھا ۔ پھر جب ہائی کورٹ سے محمد فیضل کو راحت ملی تو الیکشن کمیشن کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا ۔ تاہم ویٹ اینڈ واچ کا مطلب یہ نہیں ہے کہ الیکشن کمیشن کئی ہفتوں تک انتظار کرے گا بلکہ آنے والے کچھ دنوں کیلئے ویٹ اینڈ واچ کی پالیسی اختیار کرے گا تاکہ راہل گاندھی کے اگلے قانونی عمل کے نتیجہ کو دیکھ سکے ۔ اگر راہل گاندھی کے قانونی عمل میں کوئی جلد فیصلہ نہیں آتا ہے تو الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن کا اعلان کردے گا ۔
بتادیں کہ سال 2019 میں وائناڈ سے لوک سبھا رکن رہنے کے دوران راہل گاندھی انتخابی تشہیر کیلئے کرناٹک کے کولار گئے تھے ۔ اس دوران انہوں نے ایک انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا تھا کہ 'کیوں سبھی چوروں کا سرنیم مودی ہوتا ہے؟' اس بیان کے بعد کافی سیاست ہوئی تھی ۔
اس کے بعد بی جے پی ممبر اسمبلی اور گجرات کے سابق وزیر پورنیش مودی نے راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کا کیس کیا تھا ۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ راہل گاندھی نے اپنے بیان سے پورے مودی سماج کی توہین کی ہے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔