تلنگانہ سے کرناٹک کے 423عازمین روانہ ۔ حج ہاؤس میں روح پرورمناظر

کرناٹک کے 423 عازمین حج کا پہلا قافلہ آج جمعرات کی صبح 7.20 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے مدینہ منورہ کیلئے ایر انڈیا کی فلائیٹ سے روانہ ہوگیا۔

Jul 18, 2019 12:58 PM IST | Updated on: Jul 18, 2019 01:01 PM IST
تلنگانہ سے کرناٹک کے 423عازمین روانہ ۔ حج ہاؤس میں روح پرورمناظر

تلنگانہ سے کرناٹک کے 423عازمین روانہ۔ عازمین کی بس کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مسیح اللہ خان۔(تصویر:نیوز18اردو)۔

تلنگانہ سے عازمین حج کی روانگی کا عمل آج سے شروع ہوگیا۔اس طرح حیدرآباد کے نامپلی میں واقع حج ہاؤس میں حج 2019 کیمپ کا آج آغاز ہوا۔ کرناٹک کے 423 عازمین حج کا پہلا قافلہ آج جمعرات کی صبح 7.20 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے مدینہ منورہ کیلئے ایر انڈیا کی فلائیٹ سے روانہ ہوگیا۔‘ حج ہاؤز سے عازمین کی روانگی کا منظر انتہائی جذباتی اور روح پرور تھا۔

سفید احرام میں ملبوس عازمین تلبیہ پڑھنے میں مصروف تھے‘ ان کے رشتہ داروں اور احباب نے ان کو بادیدہ نم وداع کیا اور ان سے دعاؤں کی گزارشیں کرتے رہے۔بدھ کی رات دیر گئے پہلے قافلہ کو خصوصی بسوں کے ذریعہ حج ہوز نامپلی سے ایرپورٹ منتقل کیا گیا۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ اور دوسروں نے عازمین کا استقبال کیااورحج ہوزسے پہلے قافلہ کو جھنڈی دکھاکر وداع کیا۔

Loading...

دوسرے قافلوں کی روانگی کا 26 جولائی سے آغاز ہوگا اور یہ سلسلہ 4 اگست تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر ایرپورٹ پر میڈیاسے بات کرتے ہوئے مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی نے کہاکہ پہلی فلائٹ مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوئی۔انہوں نے کہاکہ عازمین حج کی روانگی کے مناسب انتظامات کئے گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے عازمین حج کی فلائٹس کی روانگی 26جولائی سے ہوگی اور آخری فلائٹ 4اگست کو ہوگی۔

Loading...