کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر داخلہ سردار بوٹا سنگھ کا انتقال
21 مارچ 1934 کو پنجاب کے جالندھر ضلع کے مصطفی پور گاوں میں پیدا ہوئے سردار بوٹا سنگھ آٹھ مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب کئے گئے تھے ۔
- UNI
- Last Updated: Jan 02, 2021 03:21 PM IST

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر داخلہ سردار بوٹا سنگھ کا انتقال
کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر سردار بوٹا سنگھ کا ہفتہ کے روز یہاں انتقال ہوگیا۔ وہ 86 سال کے تھے ۔ ان کی فیملی میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ سردار بوٹا سنگھ 21 مارچ 1934 کو پنجاب کے ضلع جالندھر کے گاؤں مصطفیٰ پور میں پیدا ہوئے ، بوٹا سنگھ سیاست میں آنے سے پہلے صحافت سے وابستہ تھے۔ انہوں نے پہلا الیکشن اکالی دل سے جیتا تھا ، بعد میں وہ کانگریس میں شامل ہوگئے۔
آنجہانی بوٹا سنگھ نے آٹھ مرتبہ لوک سبھا کا انتخاب جیتا تھا ۔ مرکزی وزیر کی حیثیت سے انہوں نے داخلہ ، زراعت ، ریلوے اور مواصلات اور دیگر اہم وزارتوں کے ساتھ بہار کے گورنر کی ذمہ داری بھی نبھائی ۔ وہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور حکومت میں قومی درج فہرست ذات و قبائل کمیشن کے چیئرمین (2007 سے 2010 ) بھی رہے تھے۔
دریں اثنا صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند ، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا ، وزیر اعظم نریندر مودی ، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلی اور سابق مرکزی وزیر بوٹا سنگھ کی موت پر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر کووند نے کہا کہ ’’مسٹر بوٹا سنگھ کی موت کی وجہ سے ملک نے ایک تجربہ کار انتظامی ایکسپرٹ اور طویل عرصے تک رکن پارلیمنٹ رہنے والے شخص کھو دیا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ دبے ہوئے اور پسماندہ لوگوں کی آگے بڑھ کر رہنمائی کی۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے دلی تعزیت۔
مسٹر برلا نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ "میں سابق رکن پارلیمنٹ بوٹا سنگھ کی موت پر تعزیت پیش کرتا ہوں۔ وہ معاشرے کے محروم اور استحصال کے شکار طبقے کا ایک مضبوط آواز تھے۔ ملک میں ان کی شراکت کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ایشور سے دعا ہے کہ آنجہانی کی آتما کو شانتی دے۔ سوگوار خاندان سے تعزیت اوم شانتی۔ "