گری راج سنگھ کی دھمکی۔ قبر کے لئے اگر تین ہاتھ زمین چاہئے تو گانا ہو گا وندے ماترم

بی جے پی صدر امت شاہ کے سامنے اسٹیج سے مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر قبر کے لئے تین ہاتھ جگہ چاہئے تو اس ملک میں وندے ماترم گانا ہو گا

Apr 25, 2019 10:34 AM IST | Updated on: Apr 25, 2019 10:45 AM IST
گری راج سنگھ کی دھمکی۔ قبر کے لئے اگر تین ہاتھ زمین چاہئے تو گانا ہو گا وندے ماترم

گری راج سنگھ

بہار کی بیگوسرائے سیٹ سے بی جے پی امیدوار گری راج سنگھ نے ایک بار پھر متنازعہ بیان دیا ہے۔ بی جے پی صدر امت شاہ کے سامنے اسٹیج سے مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر قبر کے لئے تین ہاتھ جگہ چاہئے تو اس ملک میں وندے ماترم گانا ہو گا اور بھارت ماتا کی جے کہنا ہو گا۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ آر جے ڈی کے امیدوار دربھنگہ میں کہتے ہیں کہ میں وندے ماترم نہیں بولوں گا۔

انہوں نے کہا کہ بیگوسرائے میں بھی کچھ لوگ آ کر بڑے بھائی کا کرتا اور چھوٹے بھائی کا پائجامہ پہن کر دورے کر رہے ہیں۔ لیکن میں انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ جو وندے ماترم نہیں گا سکتا ، جو ہندوستان کی سرزمین کو سلام نہیں کر سکتا وہ اس بات کو یاد رکھیں کہ گری راج کے نانا۔ دادا سمریا گھاٹ میں گنگا ندی کے کنارے مرے، اسی زمین پر کوئی قبر نہیں بنایا لیکن تمہیں تو تین ہاتھ جگہ چاہئے۔ تم ایسا نہیں کر پاؤ گے تو ملک تمہیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔

Loading...

بتا دیں کہ بہار میں دربھنگہ سے مہاگٹھ بندھن سے آر جے ڈی امیدوار عبدالباری صدیقی نے کہا تھا کہ انہیں اور ان کے حامیوں کو وندے ماترم بولنے میں پریشانی ہے۔

بیگو سرائے میں امت شاہ کی ریلی کے دوران گری راج سنگھ نے کہا کہ کچھ لوگ بہار کی زمین کو خون آلود کرنا چاہتے ہیں، فرقہ وارانہ آگ پھیلانا چاہ رہے ہیں، لیکن جب تک بی جے پی ہے نہ بہار میں ایسا ہوگا اور نہ بیگو سرائے کی سرزمین پر وہ ایسا ہونے دیں گے۔ اس ریلی کے دوران امت شاہ نے کہا کہ بھلے ہی  ان کے امیدوار گری راج سنگھ ترقی کو اہم مسئلہ مانتے ہوں، لیکن ترقی اور غربت سے زیادہ بڑا مسئلہ بیگو سرائے کے لوگوں کے لئے ٹکڑے ٹکڑے گینگ کو شکست دینا ہے۔ یہاں ملک سے بغاوت کی بات کرنے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

Loading...