ہوم » نیوز » مغربی ہندوستان

22 کلو میٹر طویل روڈ شو ... اسٹیڈیم میں ایک لاکھ لوگ ، ٹرمپ کو "نمستے" کہنے کیلئے تیار احمد آباد

وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ ہندوستان،صدرٹرمپ کے استقبال کی راہ دیکھ رہا ہے ۔ یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ کل ہمارے ساتھ ہوں گے اور ان کے دورے کی شروعات احمدآباد میں تاریخی پروگرام کے ساتھ ہوگی۔

  • UNI
  • Last Updated: Feb 23, 2020 05:25 PM IST
  • Share this:
22 کلو میٹر طویل روڈ شو ... اسٹیڈیم میں ایک لاکھ لوگ ، ٹرمپ کو
22 کلو میٹر طویل روڈ شو ... اسٹیڈیم میں ایک لاکھ لوگ ، ٹرمپ کو "نمستے" کہنے کیلئے تیار احمد آباد

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سفر کے دوران کل گجرات کے احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زیادہ کے لوگوں کی موجودگی میں ہونے والے ’نمستے ٹرمپ پروگرام‘‘ کی تیاریوں کا جائزہ آج وزیرداخلہ امت شاہ نے لیا۔ شہر کے موٹیرا علاقے میں نوتعمیر شدہ سردار پٹیل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں وزیراعظم نریندرمودی اور صدر ٹرمپ کا مشترکہ خطاب ہوگا ۔ اس سے پہلے مشہور صوفی موسیقار کیلاش کھیر سمیت کئی اداکار اپنی پرفارمنس بھی دیں گے۔ امت شاہ اس اسٹیڈیم کا مالکانہ حقوق رکھنے والے گجرات کرکٹ یونین کے صدر بھی ہیں۔


صدرٹرمپ کل دوپہر یہاں سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں گے ، جہاں وزیراعظم مودی ان کا استقبال کریں گے۔ یہ کسی بھی امریکی صدر کا گجرات کا پہلا دورہ ہوگا۔ وزیر اعظم مودی خود تقریباً ایک گھنٹے پہلے نئی دہلی سے یہاں پہنچیں گے۔ ہوائی اڈے پر ہی زبردست خیرمقدم کے بعد امریکی صدر ٹرمپ پی ایم مودی کے ساتھ تقریبا 22 کلومیٹر طویل انڈیا روڈ شومیں شرکت کریں گے ۔ اس کے بعد نمستے ٹرمپ پروگرام ہوگا۔ دونوں پروگراموں کے پیش نظر 11 ہزار سے زیادہ سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔


اس دوران امریکی صدر ٹرمپ کے سابرمتی آشرم آنے کے سلسلے میں حالانکہ اب بھی کوئی سرکاری اطلاع نہیں ہے ، لیکن وہاں کے ٹرسٹی امرت مودی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کچھ وقت کیلئے وہاں پہنچیں گے۔ آشرم کے احاطے میں ٹرمپ کے استقبال کےلئے کافی تیاریاں بھی کی گئی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ روڈ شو کے دوران ہی وہ رانیپ علاقہ میں واقع مہاتما گاندھی کے اس تاریخی آشرم پر پہنچیں گے ، جہاں یہاں آنے والے ہر بڑے صدر مملکت کو روایتی طورپر لایا جاتا رہا ہے ۔ وہ اور ان کی بیوی میلانیا ٹرمپ، وزیر اعظم مودی کے ساتھ آشرم میں سابرمتی ندی کے کنارے بھی کچھ وقت گزاریں گے۔


ہوائی اڈے سے ہی شروع ہونے والے روڈ شوکے دوران سڑک کے کنارے بنے کئی اسٹیجوں پر اداکار ہندوستانی ثقافت کی جھلک پیش کرتے ہوئے رنگا رنگ پیش کش دیں گے ۔ ٹرمپ کے اس دورے کے پیش نظر شہر میں ٹریفک کے لئے راستوں میں وسیع پھیربدل کی گئی ہے۔ اس دوران کچھ گھنٹوں کے اس دورے کے سلسلے میں آج پہلے سے بھی کچھ تیاری کی گئی ۔

دوسری جانب وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ ہندوستان،صدرٹرمپ کے استقبال کی راہ دیکھ رہا ہے ۔ یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ کل ہمارے ساتھ ہوں گے اور ان کے دورے کی شروعات احمدآباد میں تاریخی پروگرام کے ساتھ ہوگی۔ یہاں کے پروگرام کے بعد کل دوپہر کے بعد وزیر اعظم مودی اور ٹرمپ نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے۔
First published: Feb 23, 2020 05:25 PM IST