ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

متھرا کی شاہی عید گاہ میں پوجا کرنے کی اجازت دینے کے معاملہ کی سماعت ایک مرتبہ پھر ملتوی

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس گووند ماتھر کی بنچ نے متھرا عید گاہ کے معاملہ کی سماعت فی الحال ٹال دی ہے ۔ سپریم کورٹ کے وکیل مہک مہیشوری کی طرف سے داخل عرضی میں متھرا عید گاہ کو کرشن جنم بھومی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔

  • Share this:
متھرا کی شاہی عید گاہ میں پوجا کرنے کی اجازت دینے کے معاملہ کی سماعت ایک مرتبہ پھر ملتوی
متھرا کی شاہی عید گاہ میں پوجا کرنے کی اجازت دینے کے معاملہ کی سماعت ایک مرتبہ پھر ملتوی

الہ آباد : متھرا کی تاریخی عید گاہ میں پوجا کرنے کی اجازت دینے سے متعلق  سماعت الہ آباد ہائی کورٹ میں ایک بار پھر ملتوی ہو گئی ۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس گووند ماتھر کی بنچ نے متھرا عید گاہ کے معاملہ کی سماعت فی الحال ٹال دی ہے ۔ سپریم کورٹ کے وکیل مہک مہیشوری کی طرف سے داخل عرضی میں متھرا عید گاہ کو کرشن جنم بھومی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔عرضی گزار نے عدالت سے عید گاہ میں ہفتہ میں ایک دن  پوجا کرنے کی اجازت دئے جانے کی درخواست کی ہے ۔


عرضی گزار کا کہنا ہے کہ جنم اشٹمی کے موقع پرعید گاہ میں ہندوؤں کو پوجا کرنے کا اختیار دیا جائے ۔عرضی گزار نے متھرا عید گاہ کی عمارت کے نیچے محکمہ آثار قدیمہ کے ذریعہ کھدائی کرانے کی بھی ہائی کورٹ سے درخواست کی ہے۔ سپریم کورٹ کے وکیل مہک مہیشوری کی طرف سے داخل عرضی میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ متھرا کی شاہی عید گاہ کرشن جنم استھان کو منہدم کرکے کی بنائی گئی تھی ۔ عرضی میں عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں عید گاہ کی نیچے کھدائی کرائے ۔ تاکہ لوگوں کو حقائق کا پتہ چل سکے۔


واضح رہے کہ سادھو سنتوں کی نمائندہ تنظیم اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد نے بنارس کی گیان واپی مسجد اورمتھرا کی شاہی عید گاہ کے معاملہ کو رام مندر تحریک کی طرز پر چلانے کا اعلان  کیا ہے ۔ گرچہ آر ایس ایس اور وشو ہندو پریشد نے ا بھی تک گیان واپی مسجد اور متھرا عید گاہ کے معاملہ میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ تاہم سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ان دونوں معاملوں میں اکھاڑا پریشد کو آر ایس ایس اور وی ایچ پی کی تائید حاصل ہے ۔


اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد اپنے سابقہ بیانوں میں واضح کر چکا ہے کہ وہ بنارس کی گیان واپی مسجد اورمتھرا کی عید گاہ  کی بازیابی کے لئے ملک گیر پیمانے پر تحریک چلانے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔ گیان واپی مسجد اور متھرا عید گاہ کی ملکیت کا معاملہ مقامی عدالتوں میں بھی زیر سماعت ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ میں اب اس معاملے کی سماعت 19 جنوری کو ہوگی ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jan 04, 2021 11:54 PM IST