ہندو۔ مسلم اتحاد اور تعلیم کا فروغ مولانا آزاد کو سچا خراج عقیدت: طارق انور

طارق انور نے مولانا آزاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی نمایاں خدمات کے تعلق سے بتایا کہ آئی آئی ٹی، یو جی سی، آئی سی سی آر ، ساہتیہ اکادمی، کلا کیندرجیسے متعدد ادارے مولانا آزاد کی دین ہیں جو ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

Nov 18, 2019 03:09 PM IST | Updated on: Nov 18, 2019 03:10 PM IST
ہندو۔ مسلم اتحاد اور تعلیم کا فروغ مولانا آزاد کو سچا خراج عقیدت: طارق انور

مولانا آزاد کی اہمیت اور افادیت کے عنوان پر منعقدہ قومی سمینار

نئی دہلی۔ گزشتہ روز یہاں پریس کلب آف انڈیا میں وطن سماچار فورم کی جانب سے گاندھی اور امبیڈکر کے بھار ت میں مولانا آزاد کی اہمیت اور افادیت کے عنوان سے ایک قومی سمینارکا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سابق مرکزی وزیراور سینئر کا نگریسی لیڈر طارق انور نے کی۔ اس موقع پر طارق انور نے کہا کہ مولانا آزاد ہندو۔ مسلم اتحاد میں یقین رکھتے تھے اور پہلے وزیر تعلیم کے طور پر انہوں نے ملک کے مفاد میں ایسی اعلیٰ تعلیمی پالیسی بنائی جس پر چل کر آج ہندوستان زمین سے آسمان تک سفر طے کررہا ہے لیکن افسوس کچھ لوگ اس کو ڈی ریل کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔

طارق انور نے مولانا آزاد کو خراج عقیدت  پیش کرتے ہوئے ان کی نمایاں خدمات کے تعلق سے بتایا کہ آئی آئی ٹی، یو جی سی، آئی سی سی آر ، ساہتیہ اکادمی، کلا کیندرجیسے متعدد ادارے مولانا آزاد کی دین ہیں جو ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ایم جی آر یو نیورسٹی (مدراس) کے ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر ایم این رحمان نے کہا کہ موجودہ وقت کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ گاندھی کی تعلیمات کو فروغ دے کر ملک کی ہزاروں سال پرانی گنگا جمنی تہذیب کو بچایا جائے، ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ اقلیتیں بالخصوص مسلمان بابا صاحب کے بنائے ہوئے آئین کو پڑھیں اور اپنی زندگی میں اس کو شامل کریں۔

Loading...

مولانا آزاد نیشنل اردو یو نیو رسٹی کے چانسلر فیروز بخت احمد نے اپنے خطاب میں بھارت رتن مولانا آزادؒ کو ایک ہمہ جہت شخصیت قرار دیا اور کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہندوستان کی آزادی کی تاریخ مولانا آزاد کے بغیر نامکمل ہے، لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ لوگوں نے مولانا آزاد کی خدمات کو فراموش کر دیا ہے۔ وہیں، دہلی پردیش کا نگریس کے سینئرلیڈر راجیش للوٹھیا نے کہا کہ مولانا آزاد اتنے خوش قسمت تھے کہ جس جگہ جانے کی سبھی مسلمان دعائیں کرتے ہیں وہاں(مکہ) ان کی پیدائش ہوئی ۔ وہ بھارت آئے اور انہوں نے بھارت کو انگریزوں سے آزاد کرانے کی کامیاب جدوجہد کی۔

Loading...