بنگلورو: جموں وکشمیر پولیس اور ہندوستانی فوج کی 17 قومی رائفلس کی ٹیم نے حزب المجاہدین کے ایک دہشت گردوں کو بنگلورو سے گرفتار کیا ہے۔ یہ کارروائی 3 جون کو ہوئی تھی۔ طالب حسین نام کے اس مبینہ دہشت گرد کے وادی میں مائیگرنٹ اور ہندووں کی ٹارگیٹیڈ کلنگ میں ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔
بنگلورو میں دہشت گرد کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے کہا، ’یہ ایک مسلسل جاری عمل ہے۔ پولیس لوگوں کی آمدورفت پر نظر رکھے گی۔ ہماری پولیس نے مدد کی ہے۔ پہلے بھٹکل میں بھی گرفتاری ہوئی تھی۔ اب جموں وکشمیر پولیس نے بنگلورو میں گرفتاریاں کی ہیں۔ اس میں ہماری پولیس نے ان کی مدد کی ہے‘۔
رپورٹ کے مطابق، 3 جون کو پکڑا گیا دہشت گرد طالب حسین جموں کے کشتواڑ ضلع کی ناگسینی تحصیل کے راشگواری کا رہنے والا ہے۔ وہ 2016 میں دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین میں شامل ہوا تھا۔ طالب سیکورٹی اہلکاروں کی ہٹ لسٹ میں ہونے کے بعد بھی سب سے زیادہ وقت تک زندہ بچا رہنے میں کامیاب رہا۔ یہاں کی مقامی گرجر قبیلہ سے تعلق رکھنے والا جالب پہاڑوں سے اچھی طرح واقف ہے۔ اس سے پہلے پیر کے روز جموں وکشمیر کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا تھا کہ اب تک وادی میں 47 ٹیرر ماڈیول کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے منگل کو نیوز ایجنسی اے این آئی سے کہا، ’راہل بھٹ کے قتل میں 2 دہشت گرد شامل تھے۔ ان میں سے ایک کو ہلاک کردیا گیا ہے، ایک بچا ہے، ہم اس کے پیچھے ہیں۔ امرین بھٹ کے قتل کے معاملے میں دو دہشت گردوں کی پہچان کی گئی تھی۔ دونوں کو مار دیا گیا ہے۔ راجستھان کے باشندہ بینک ملازم وجے کمار بینی وال کے قتل میں شامل دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی ہے اور انہیں بھی بہت جلد گرفتار یا غیر موثر کردیا جائے گا‘۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔