کسان آندولن : امت شاہ نے سنبھالا مورچہ ، کہا : تین دسمبر سے پہلے بھی ہوسکتی ہے بات چیت
Amit shah on Farmer Movements : مرکزی وزیر امت شاہ نے کہا کہ میں مظاہرہ کررہے کسانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہندوستان کی حکومت بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Nov 28, 2020 10:06 PM IST

کسان آندولن : امت شاہ نے سنبھالا مورچہ ، کہا : تین دسمبر سے پہلے بھی ہوسکتی ہے بات چیت
زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کررہے کسانوں کو دہلی میں نرنکاری میدان میں بیٹھنے کی اجازت مل گئی ہے ۔ حالانکہ کسانوں کا ایک گروپ اس بات پر بضد ہوگیا ہے کہ حکومت کا کوئی نمائندہ ان سے دہلی ۔ ہریانہ بارڈر پر آکر بات کرے ۔ کسانوں کے اس مظاہرہ پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا ردعمل سامنے آیا ہے ۔ امت شاہ نے کہا کہ میں مظاہرہ کررہے کسانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہندوستان کی حکومت بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے ۔ وزیر زراعت نے انہیں تین دسمبر کو بات چیت کیلئے مدعو کیا ہے ۔ کسانوں کی ہر پریشانی اور مطالبہ پر حکومت غور کرنے کیلئے تیار ہے ۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق شاہ نے کہا کہ اگر کسان تنظیم تین دسمبر سے پہلے بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو میں آپ سبھی کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جیسے ہی آپ اپنا احتجاج مخصوص جگہ پر منتقل کریں گے ، ہماری حکومت اگلے دن آپ کی تشویشات کو دور کرنے کیلئے بات چیت کا اہتمام کرے گی ۔
If farmers' unions want to hold discussion before 3rd December then, I want to assure you all that as soon as you shift your protest to designated place, our government will hold talks to address your concerns the very next day: Union Home Minister Amit Shah https://t.co/HjAcecdqQF
— ANI (@ANI) November 28, 2020
مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ ہندوستانی حکومت کسانوں کی پریشانیوں کیلئے کسان یونین سے بات چیت کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔ ہم نے ان کو تین دسمبر کو مدعو کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ سب لوگ آئیں گے اور اس بات چیت کے ذریعہ راستہ تلاش کریں گے ۔ میں سیاسی پارٹیوں کے لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ان کو سیاست کرنی ہے تو اپنے نام پر سیاست کریں ، لیکن کسانوں کے نام پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔
بارڈر پر ہی کریں گے احتجاج
قابل ذکر ہے کہ دہلی ۔ ہریانہ سندھو بارڈر پر چل رہی کسانوں کی میٹنگ ختم ہوگئی ہے ۔ بھارتیہ کسان یونین پنجاب کے جنرل سکریٹری ہریندر سنگھ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم یہاں سے کہیں نہیں جائیں گے اور اپنا احتجاج یہیں کریں گے ۔ روزانہ صبح گیارہ بجے ہم ملاقات کریں گے اور اپنی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے ۔