گجرات ، مہاراشٹر اور مغربی بنگال میں رام نومی کے موقع پر تشدد، پتھراو اور آتش زنی کے واقعات
ہاوڑہ میں واقعہ کے بعد سے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ تصویر : News18
جمعرات کو گجرات، مہاراشٹرا اور مغربی بنگال سے تشدد، پتھراؤ اور آتش زنی کے واقعات کی خبریں آئی ہیں ۔ گجرات کے وڈودرا میں دو الگ الگ مقامات پر رام نومی جلوس پر حملہ کیا گیا۔
نئی دہلی : جمعرات کو گجرات، مہاراشٹرا اور مغربی بنگال سے تشدد، پتھراؤ اور آتش زنی کے واقعات کی خبریں آئی ہیں ۔ گجرات کے وڈودرا میں دو الگ الگ مقامات پر رام نومی جلوس پر حملہ کیا گیا۔ پہلے فتح پورہ اور اس کے بعد کمبھارواڑہ میں پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا۔ تاہم ان واقعات کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔ دوسری جانب مغربی بنگال کے ہاوڑہ میں بھی کچھ لوگوں نے جلوس پر پتھراؤ کیا۔ جبکہ مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں بدھ کی رات کچھ لوگوں نے ایک مندر کے باہر آگ لگا دی۔ پولیس کی گاڑیوں میں بھی آگ لگا دی گئی۔
مغربی بنگال کے ہاوڑہ میں رام نومی ریلی کے شیو پور علاقہ میں داخل ہونے کے بعد پرتشدد جھڑپوں کی خبریں ہیں۔ اس واقعہ میں کئی کاروں کو نذرآتش کردیا گیا ۔ بتایا جا رہا ہے کہ ریلی کو اس علاقہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ واقعہ کے بعد سے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ پولیس نے علاقے میں فلیگ مارچ کیا ہے۔ وہیں اس واقعہ کے بارے میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ یہ فرقہ وارانہ فسادات جیسا واقعہ ہے اور اسے باہر کے لوگوں نے انجام دیا ہے۔ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ اس واقعہ کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہے۔ اس نے باہر والوں کو بلایا ہے اور وہ لوگ یہاں کا امن خراب کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ رام نومی ریلی کو کسی نے نہیں روکا لیکن تلوار اور بلڈوزر لے کر ریلی نکالنے کا حق کسی کو نہیں ہے۔ ہاوڑہ میں یہ کیسے ہوا؟ ریلی نے اچانک اپنا راستہ بدل لیا اور ایک کمیونٹی پر حملہ ہوا ۔ معاملہ کی جانچ کی جائے گی اور کسی بے قصور کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ لیکن جنہوں نے حملہ کیا ہے، شاید انہیں لگتا ہے کہ انہیں راحت ملے گی ۔ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ عوام ایسا کرنے والوں کو مسترد کردیتے ہیں۔ وہیں بی جے پی لیڈر امت مالویہ نے الزام لگایا کہ تشدد کے لئے ممتا بنرجی براہ راست ذمہ دار ہیں۔
مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھا جی نگر میں تشدد
دوسری طرف مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھا جی نگر کے کیراڈپورہ علاوہ سے تشدد کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شرپسندوں نے کچھ نجی اور پولیس کی گاڑیوں کو جلا دیا ہے۔ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا اور اس کے بعد امن قائم ہوگیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے کمشنر آف پولیس (سی پی) نکھل گپتا نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں ایک مندر کو نقصان پہنچانے کی "افواہ" کی وجہ سے تصادم ہوا ۔ تاہم مہاراشٹر کے وزیر اتل ساوے نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں۔
وہیں دینک بھاسکر کی ایک رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شام 5:40 بجے وڈودرا کے کمبھارواڑہ علاقہ میں رام نومی کے موقع پر نکالے جانے والے شوبھا یاترا پر کچھ لوگوں نے پتھراؤ کردیا ۔ تاہم موقع پر پہنچی پولیس نے صورتحال پر قابو پالیا۔ اس سے پہلے دوپہر دو بجے کے قریب فتح پورہ علاقہ میں بھی شوبھایاترا پر پتھراؤ کیا گیا۔ مشتعل افراد نے سڑک پر کھڑی گاڑیوں میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ واقعہ کے بعد علاقے میں دکانیں بند کر دی گئیں۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔