'یہ ہمارا علاقہ، اس لئے ہم یہاں....'، جموں و کشمیر میں جی 20 میٹنگ پر ہندوستان کا چین کو دوٹوک جواب
'یہ ہمارا علاقہ، اس لئے ہم یہاں....'، جموں و کشمیر میں جی 20 میٹنگ پر ہندوستان کا چین کو دوٹوک جواب ۔ تصویر : AP
G20 Tourism Working Group Meeting: جموں و کشمیر میں جی 20 ٹورزم ورکنگ گروپ کی میٹنگ منعقد کرنے کی چین کے ذریعہ مخالفت کئے جانے پر ہندوستان نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
نئی دہلی: جموں و کشمیر میں جی 20 ٹورزم ورکنگ گروپ کی میٹنگ منعقد کرنے کی چین کے ذریعہ مخالفت کئے جانے پر ہندوستان نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ہندوستان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وہ اپنے علاقہ میں میٹنگ کرنے کیلئے آزاد ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے کہا کہ پڑوسی ملک کے ساتھ نارمل تعلقات کیلئے اس کی سرحد پر امن و چین ضروری ہے ۔
چین نے اس سے پہلے سری نگر میں جی 20 میٹنگ میں شامل نہیں ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'متنازع علاقہ' میں اس انعقاد کی مخالفت کرتا ہے ۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے بیجنگ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایک سوال پر کہا کہ چین 'متنازع علاقہ' میں کسی بھی طرح کی جی 20 میٹنگ کا انعقاد کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔ ہم ایسی میٹنگوں میں شامل نہیں ہوں گے ۔ اس درمیان ترکی اور سعودی عرب نے اس انعقاد کیلئے رجسٹریشن نہیں کرایا ہے ۔ کشمیر میں 22 سے 24 مئی تک جی 20 کی میٹنگ ہونے والی ہے، جو یہاں آرٹیکل 370 کے رد ہونے کے بعد منعقد ہونے والے سب سے بڑے بین الاقوامی پروگراموں میں سے ایک ہے ۔ اس سال ستمبر ماہ میں قومی راجدھانی نئی دہلی میں ہونے والی جی 20 چوٹی کانفرنس سے پہلے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں اس طرح کے انعقاد کئے جارہے ہیں ۔
ہندوستان نے جموں و کشمیر اور لداح میں جی 20 میٹنگیں منعقد کرنے پر پاکستان کے اعتراضات کو پہلے ہی خارج کردیا تھا ۔ وزارت خارجہ نے پاکستان اور چین کے اعتراضات کو خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے اس طرح کے بیانات کو لگاتار خارج کیا ہے اور سبھی متعلقہ فریق ان معاملات پر ہماری واضح صورتحال سے اچھی طرح سے واقف ہیں ۔ جموں و کشمیر اور لداخ ہندوستان کے اٹوٹ حصے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ۔ کسی دیگر ملک کو اس پر تبصرہ کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
خیال رہے کہ مشہور ڈل جھیل کے کنارے واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشنل سینٹر میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں کشمیر کے دستکاری اور فنون اور بہت سے ثقافتی پروگراموں کی نمائش کی جائے گی۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔