آئی این ایکس میڈیا کیس : پی چدمبرم نے ضمانت کیلئے دہلی ہائی کورٹ میں کی اپیل ، سی بی آئی کورٹ کے حکم کو بھی کیا چیلنج

سابق مرکزی وزیر نے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے پانچ ستمبر کے اس حکم کوبھی چیلنج کیا ہے ، جس میں انہیں 19ستمبر تک عدالتی حراست میں بھیجا گیا۔

Sep 11, 2019 10:05 PM IST | Updated on: Sep 11, 2019 10:05 PM IST
آئی این ایکس میڈیا کیس : پی چدمبرم نے ضمانت کیلئے دہلی ہائی کورٹ میں کی اپیل ، سی بی آئی کورٹ کے حکم کو بھی کیا چیلنج

پی چدمبرم نے ضمانت کیلئے دہلی ہائی کورٹ میں کی اپیل،سی بی آئی کورٹ کے حکم کو بھی کیاچیلنج

کانگریس کے سینئرلیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے آئی این ایکس میڈیا بدعنوانی معاملے میں ضمانت کےلئے دہلی ہائی کورٹ میں بدھ کو عرضی دائر کی۔ پی چدمبرم فی الحال اس معاملے میں 14 دنوں کی عدالتی حراست میں تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ مرکزی تحقیقاتی بیورو(سی بی آئی) نے یہ معاملہ درج کیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھی آئی این ایکس معاملے میں پی چدمبرم پر منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا ہے۔

سابق مرکزی وزیر نے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے پانچ ستمبر کے اس حکم کوبھی چیلنج کیا ہے ، جس میں انہیں 19ستمبر تک عدالتی حراست میں بھیجا گیا۔ دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں سابق مرکزی وزیر کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی ، جس کے بعد سی بی آئی نے 21 اگست کو پی چدمبرم کو گرفتار کرکے 22 اگست کو راؤز ایونیو میں واقع سی بی آئی کے خصوصی جج اجے کمار کہار کی عدالت میں پیش کیاتھا۔ پہلے انہیں 26 اگست تک سی بی آئی کی حراست میں بھیجا گیاتھا۔ تاہم بعد میں سی بی آئی حراست کی مدت کو کئی بار بڑھایا گیا اور پانچ ستمبر کو انہیں 14 دنوں کیلئے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔

Loading...

خیال رہے کہ آئی این ایکس میڈیا معاملہ 305 کروڑ روپے کا ہے۔ پی چدمبرم پر الزام ہے کہ 2007 میں جب وہ ترقی پسند اتحاد حکومت میں وزیر خزانہ تھے۔ 305 کروڑ روپے کی غیر ملکی کرنسی حاصل کرنے کے لئے آئی این ایکس گروپ کو غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے والے بورڈ کی منظوری دئےجانے میں مبینہ طورپر بے ضابطگی برتی گئی۔

سی بی آئی نے 15 مئی 2017 کو اس معاملہ میں ایف آئی آر درج کی تھی جبکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے گزشتہ سال منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا تھا ۔

Loading...