نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر نے آج یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں اس بات کا اظہار کیا کہ جلد ہی جامعہ ملیہ اسلامیہ کو اسکل ڈیولپمنٹ ہنرمندی کا مرکز بنایا جائے گا۔ وائس چانسلر نے کہا انہوں نے حال ہی میں وزیر تعلیم و اسکل ڈیولپمنٹ دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی تھی اور انہیں وزیر محترم نے اس سمت متوجہ ہونے کے لیے کہا ہے اور تمام طرح کا تعاون اور حمایت دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وائس چانسلر نجمہ نے کہا وزیر موصوف نے ان سے کہا ہے کہ اگر اسکل ڈیولپمنٹ کے میدان میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کوئی بڑا کام کرتا ہے تو نوکریاں دلانے کا وہ کام کریں گے۔
غور طلب ہے کہ حال ہی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر نے مرکزی وزیر برائے تعلیم و فروغ مہارت دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فنڈنگ اور دوسرے پروجیکٹ کے سلسلے میں نئی پیش رفت کی امید کی جا رہی تھی۔ وائس چانسلر نے یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر ایک اور اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن فینانسنگ ایجنسی (ایچ ای ایف اے) کی مدد سے یونیورسٹی کیمپس میں بنیادی ڈھانچہ کے فروغ کے لئے وزارت تعلیم کی منظوری مل چکی ہے اور اس سلسلے میں نے کام تیزی سے کیا جائے گا۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آج 75 ویں یومِ آزادی جشن تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔مہمان خصوصی پروفیسر نجمہ اختر، شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ڈاکٹر ایم اے انصاری آڈیٹوریم کے سبزہ زار پر قومی پرچم کی نقاب کشائی کی۔
اس سے قبل جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے حصے کے طورپر کووڈ-19 کے رہنما خطوط پر عمل آوری کے ساتھ آج 75 ویں یومِ آزادی جشن تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر نجمہ اختر، شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ڈاکٹر ایم اے انصاری آڈیٹوریم کے سبزہ زار پر قومی پرچم کی نقاب کشائی کی۔ اس کے بعد پروگرام میں موجود لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ قومی ترانہ گایا۔ پروفیسر زاہد اشرف، صدر شعبہ بایو ٹکنالوجی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کو جامعہ ایوارڈ برائے تحقیقی افضلیت سے سرفراز کیا گیا۔ پروفیسر زاہد کو سال 2021 کا ویزیٹر ایوارڈ مل چکا ہے۔
شیخ الجامعہ نجمہ اختر نے 8 نوجوان محققین کو بھی جامعہ ایوارڈ برائے تحقیقی افضلیت سے نواز تے ہوئے انھیں مبارک باد دی۔ یہ نوجوان محققین گزشتہ دوبرسوں میں وزیر اعظم رسرچ فیلو شپ (پی ایم آر ایف) سے سرفراز ہوچکے ہیں۔ 8 نوجوان محققین میں سے 7 طالبات ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ لڑکیوں کو با اختیار بنانے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اہم رول ادا کیا ہے۔ شیخ الجامعہ نے بیچلر آف آرکی ٹیکچر،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے چوتھے سال کے طالب علم کیف علی کو بھی مبارک باد پیش کی۔ کیف علی کو ان کی اہم اور غیر معمولی تحقیقی خدمات ’Covid- 19 Innovation Space Era‘ کے لئے مؤقر ڈیانا ایوارڈ 2021 سے نوازا گیا تھا۔ انھیں ان کی اسی غیر معمولی تحقیقی خدمت کے لیے ای اینڈ وائی کی مؤقر فیلوشپ سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس موقع پر نجمہ اختر نے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور جنگ آزادی کے رشتے کو یاد کرتے ہوئےکہا کہ جامعہ کی جڑیں جدو جہد آزادی میں پیوست ہیں اور اس نے ملک کی تعمیر وترقی میں کامیابی سے اپنا بیش قیمت تعاون پیش کیا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔