برہان وانی کا قریبی ساتھی لطیف احمد ڈار سمیت تین دہشت گرد ہلاک ، پولیس کا ایک جوان بھی زخمی

لطیف ٹائیگر برہان وانی گروپ کا آخری بچا ہوا دہشت گرد تھا۔ اس نے 2014 ء میں حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔

May 03, 2019 03:15 PM IST | Updated on: May 03, 2019 04:14 PM IST
برہان وانی کا قریبی ساتھی لطیف احمد ڈار سمیت تین دہشت گرد ہلاک ، پولیس کا ایک جوان بھی زخمی

برہان وانی گروپ کی وائرل فوٹو ۔

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں جمعہ کی صبح دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان ہونے والے ایک تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین دہشت گرد مارے گئے۔ تصادم کے دوران فوج کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔مارے گئے دہشت گردوں میں مبینہ طور پر برہان وانی کا قریبی ساتھی لطیف احمد ڈار عرف لطیف ٹائیگر ساکنہ ڈوگری پورہ پلوامہ بھی شامل ہے۔ لطیف اے پلس پلس زمرے کا دہشت گرد تھا۔

ایک رپورٹ کے مطابق لطیف ٹائیگر برہان وانی گروپ کا آخری بچا ہوا دہشت گرد تھا۔ اس نے 2014 ء میں حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔مارے گئے دیگر دو دہشت گردوں کی شناخت طارق مولوی ساکنہ مولو چھترا گام شوپیاں اور شارق احمد ننگرو ساکنہ چھوٹی گام شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے۔ مسلح تصادم کے دوران ایک رہائشی مکان مکمل جبکہ دیگر دو جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے امام صاحب علاقہ میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز اور ریاستی پولیس نے جمعہ کی علی الصبح مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا 'تلاشی آپریشن کے دوران ایک رہائشی مکان میں موجود دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی ، جس کے بعد طرفین کے مابین تصادم چھڑ گیا ۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ دریں اثنا انتظامیہ نے ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔واضح رہے کہ ضلع شوپیاں اور پڑوسی ضلع پلوامہ جو اننت ناگ پارلیمانی نشست کا حصہ ہیں، میں 6 مئی کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔

Loading...

Loading...