جموں و کشمیر کے انجنیئر کا کارنامہ، اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر تیارکیا مفت آن لائن ایجوکیشن ایپ
سری نگر سے تعلق رکھنے والے مبین مسعودی نے اپنے ساتھی بلال عابدی کے ساتھ ملکر مفت آن لائن ایجوکیشن ایپ جاری کیا ہے۔ یہ دونوں نوجوان آئی آئی ٹی ممبئی سے فارغ ہیں۔ ان دنوں ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں مقیم ہیں۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Sep 09, 2020 11:42 PM IST

جموں و کشمیر کے انجنیئر کا کارنامہ، اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر تیارکیا مفت آن لائن ایجوکیشن ایپ
بنگلورو: دنیا بھر میں آن لائن تعلیم کا نظام تیزی کے ساتھ فروغ پارہا ہے۔ لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی وبا کے دوران انٹرنیٹ ذریعہ تعلیم کی ضرورت اور مانگ بڑھ رہی ہے۔ اس شعبہ میں وادی کشمیر کے سافٹ ویئر انجنئیر مبین مسعودی نے ایک بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ سری نگر سے تعلق رکھنے والے مبین مسعودی نے اپنے ساتھی بلال عابدی کے ساتھ مل کر مفت آن لائن ایجوکیشن ایپ جاری کیا ہے۔ یہ دونوں نوجوان آئی آئی ٹی ممبئی سے فارغ ہیں۔ ان دنوں ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں مقیم ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر وادی کشمیر کے حالات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور موجودہ دور میں آن لائن ذریعہ تعلیم کے مسائل کو دھیان میں رکھتے ہوئے آن لائن ایپ ڈیولپ کیا ہے۔ اس سہولت کا نام ہے "وائز ایپ"( Wise App )۔
مبین مسعودی کہتے ہیں کہ وائز ایپ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ٹو جی انٹرنیٹ نیٹ ورک میں بھی آسانی کے ساتھ کام کرسکتا ہے۔ ٹیچر ہوں، طلبہ ہوں یا پھر والدین آسانی کے ساتھ اس فری ایپ کو اپنے موبائل فون پر استعمال کرسکتے ہیں۔ مبین مسعودی کہتے ہیں کہ ان دنوں جموں و کشمیر میں ٹو جی نیٹ ورک موجود ہے اور وہ خود کشمیر میں بطور ٹیچر 8 سال تک کام کرچکے ہیں، آن لائن تعلیم کے مسائل سے واقف ہیں، اس لئے ایک نیا اپلیکیشن ڈیولپ کرنے کی ضرورت کو شدت کے ساتھ محسوس کررہے تھے۔ لہذا انہوں نے اپنے ساتھی بلال عابدی کے ساتھ ملکر اس ایپ پر کام کرنا شروع کیا۔15 جولائی 2020 سے اس پراجیکٹ پر کام کرتے ہوئے محض 13 دنوں کے وقفہ میں یعنی 28 جولائی کو اس اپلیکیشن کو لانچ کیا۔ وائز ایپ نامی یہ اپلیکیشن پلے اسٹور میں موجود ہے اور مفت طور پر ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

سری نگر سے تعلق رکھنے والے مبین مسعودی نے اپنے ساتھی بلال عابدی کے ساتھ ملکر مفت آن لائن ایجوکیشن ایپ جاری کیا ہے۔ یہ دونوں نوجوان آئی آئی ٹی ممبئی سے فارغ ہیں۔
اترپردیش سے تعلق رکھنے والے بلال عابدی نے کہا کہ کوئی بھی شخص اینڈراویڈ پلے اسٹور سے، آئی او ایس سے یا پھر ویب سے اس ایپ کو استعمال کرسکتا ہے۔ اس ایپ کے ذریعہ ٹیچر اور طلبہ کے درمیان فوری طور پر رابطہ قائم ہوگا۔ ایک ٹیچر اپنی آن لائن کلاس میں ایک ساتھ کئی طلبہ کو شامل کرسکتا ہے۔ نہ صرف ایک علاقے، ریاست بلکہ دنیا بھر کے طلبہ ایک ٹیچر کی کلاس میں شرکت کرسکتے ہیں۔ اس ایپ میں بنائی جانے والی ایک کلاس میں طلبہ کی تعداد کی کوئی قید نہیں ہے۔ مبین مسعودی نے کہا کہ عام طور پر آن لائن طریقہ تعلیم میں طلبہ ایک دوسرے کے فون نمبروں سے واقف ہوجاتے ہیں۔ چند طلبہ کیلئے یہ ایک بڑی پریشانی کا سبب بنا ہوا تھا لیکن وائز ایپ میں اس مسئلہ کو دور کیا گیا ہے۔ صرف ٹیچر طلبہ کے فون نمبروں کو دیکھ سکتے ہیں۔ کوئی بھی صارف دوسرے کے نمبر کو نہیں دیکھ سکتا۔ مبین مسعودی نے کہا کہ آن لائن تعلیم کے دوران اسٹوریج کا مسئلہ ٹیچر اور طلبہ کیلئے پریشانی کا سبب رہا ہے۔ ایک ہفتے کے اندر ہی موبائل فون کا اسٹوریج فل ہوجاتا ہے۔ لیکن اس ایپ کو Cloud اسٹوریج سے جوڑ دیا گیا ہے۔