ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی بلا اشتعال گولہ باری ، ایک جوان شہید ، کئی دیگر زخمی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں طرفین کے درمیان فائرنگ اور مارٹر گولوں کا تبادلہ ہفتہ کو سہ پہر کے وقت تقریبا پونے چار بجے شروع ہوا ۔

  • UNI
  • Last Updated: Feb 08, 2020 10:58 PM IST
  • Share this:
جموں و کشمیر : لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی بلا اشتعال گولہ باری ، ایک جوان شہید ، کئی دیگر زخمی
فائل فوٹو ۔

جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول ( ایل او سی ) کے دگوار سیکٹر میں ہفتہ کے روز پاکستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار شہید جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے درمیان فائرنگ اور مارٹر گولوں کا تبادلہ ہفتہ کو سہ پہر کے وقت تقریبا پونے چار بجے شروع ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فائرنگ اور مارٹر شیلنگ کے نتیجے میں دگوار سیکٹر میں تعینات چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے ، جن میں ایک اہلکار نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔


دفاعی ترجمان کے مطابق ہندوستانی فوج نے پاکستان کی طرف سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ اور مارٹار شیلنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے دگوار سیکٹر میں پاکستانی فوج نے سہ پہر کے وقت تقریبا پونے چار بجے ہلکے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ اور مارٹر شیلنگ شروع کی ۔ ہمارے فوجیوں نے پاکستانی شیلنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔


دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج کی طرف سے آبادی والے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوج کی جوابی کارروائی میں پاکستان کو ہوئے نقصان کی فوری طور پر تفصیلات دستیاب نہیں ہوسکیں ۔ آخری اطلاعات ملنے تک طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ وقفہ وقفہ سے جاری تھا ۔

First published: Feb 08, 2020 10:57 PM IST