تلنگانہ کابینہ میں توسیع، نئے وزرا میں قلمدان تقسیم

آج صبح ہی گورنرکے طورپرتمیلی سائی سوندرا راجن نے حلف لیا اورشام میں انہوں نے تلنگانہ کی مجلس وزرا میں شامل ہونےوالے افراد کو حلف دلایا۔ کابینہ میں اس مرتبہ دوخواتین سبیتا اندرا ریڈی اورستیہ وتی راتھوڑ کو شامل کیا گیا ہے۔

Sep 08, 2019 08:22 PM IST | Updated on: Sep 08, 2019 08:26 PM IST
تلنگانہ کابینہ میں توسیع، نئے وزرا میں قلمدان تقسیم

تلنگانہ کابینہ میں توسیع، وزیراعلیٰ کےسی آر نے نئے وزرا میں قلمدان تقسیم کردیئے۔ فائل فوٹو

 تلنگانہ کابینہ میں آج توسیع کردی گئی جس کا طویل عرصہ سےانتظارکیا جارہا تھا۔ اس توسیع کی خاص بات یہ رہی کہ آج صبح ہی گورنرکے طورپرتمیلی سائی سوندرا راجن نے حلف لیا اورشام میں انہوں نے تلنگانہ کی مجلس وزرا میں شامل ہونےوالے افراد کو حلف دلایا۔ کابینہ میں اس مرتبہ دوخواتین سبیتا اندرا ریڈی اورستیہ وتی راتھوڑ کو شامل کیا گیا ہے۔چندرشیکھرراؤکابینہ میں پہلی مرتبہ خواتین کونمائندگی دی گئی ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی معیاد کےدوران کسی بھی خاتون کوکابینہ میں شامل نہیں کیا گیا تھا تاہم دوسری معیاد کے دوران کابینہ میں ہوئی توسیع کےموقع پرخواتین کو شامل کیا گیا ہے۔

تلنگانہ کابینہ میں شامل نئے وزرا کے قلمدانوں کا الاٹمنٹ کردیا گیا ہے۔ ہریش راو کو فائنانس،تارک راما راوکو صنعتوں، آئی ٹی، سبیتااندراریڈی کوتعلیم، گنگولہ کملاکرکو بی سی ویلفیر،غذا، سیول سپلائز، ستیہ وتی راتھوڑ کو ایس ٹی بہبود، بہبودی خواتین واطفال، پی اجےکما رکو ٹرانسپورٹ کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ جگدیش ریڈی جن کے پاس تعلیم کا قلمدان تھا، تبدیل کرتےہوئے بجلی کا قلمدان دیا گیا ہے۔

Loading...

اس سے قبل گورنرتمیلی سائی سوندرا راجن نےنئےوزراء کوحلف دلایا۔ سب سے پہلے وزیراعلی کے بھانجے ہریش راو (سدی پیٹ) نےحلف لیا۔ بعدازاں چندرشیکھرراوکےفرزند و حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارگزارصدرتارک راما راؤ (سرسلہ) کےعلاوہ سبیتا اندراریڈی (مہیشورم)‘ گنگولا کملاکر (کریم نگر)‘ ستیاوتی راتھوڑ(ورنگل) اورپی اجئے کمار(کھمم) نےحلف لیا۔ آج کابینہ میں 6 وزراء کی شمولیت کے ساتھ وزیراعلی کے بشمول وزراء کی تعداد 18ہوگئی۔ ان تمام کو گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن نے راج بھون میں منعقدہ تقریب میں عہدہ و رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب 4 بج کر 14منٹ پرشروع ہوئی۔ اس حلف برداری کی تقریب کےلئے بڑے پیمانہ پر راج بھون میں انتظامات کئےگئےتھےاورکافی سرگرمیاں بھی دیکھی گئیں۔

راج بھون میں کئی اہم شخصیات نےان دونوں حلف برداری کی تقاریب میں شرکت کی۔ گزشتہ کچھ عرصہ سےکابینہ میں توسیع کے بارے میں اطلاعات سامنےآرہی تھیں اوریہ کہا جارہا تھا کہ کےتارک راما راواورہریش راوکوکابینہ میں شامل کیا جائےگا اورآج دیگروزرا کے ساتھ ان دونوں اہم لیڈران کو مجلس وزرا میں شامل کرلیا گیا۔ تارک راما راؤ، چندرشیکھر راؤ کی کابینہ میں قبل ازیں وزیر بلدی نظم ونسق کے طورپر خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ حکمران جماعت ٹی آرایس کےاہم لیڈرمانے جاتے ہیں جبکہ ہریش راو نےقبل ازیں چندرشیکھر راو کابینہ میں وزیر بڑی آبپاشی کے طورپرخدمات انجام دی تھیں۔ ان کا شمار بھی پارٹی کے اہم رہنما کے طورپر ہوتا ہے۔ ان دونوں کو اس معیاد کے دوران پہلی مرتبہ کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ نئے وزرا کو گورنر کےعلاوہ وزیراعلی نے مبارکباد پیش کی۔کابینہ میں توسیع کے موقع پراس میں شامل 6افراد میں سے تین افراد ستیہ وتی راتھوڑ‘ پی اجئے کمار‘ گنگولا کملاکر کو پہلی مرتبہ وزیربنایا گیا ہے۔ تقریب حلف برداری میں ٹی آر ایس کے وزراء، ارکان اسمبلی، اسپیکرپوچارم سرینواس ریڈی، قانون سازکونسل میں نائب صدرنشین این ودیاساگر،  ٹی آرایس کے اراکین پارلیمنٹ، سینئرسرکاری عہدیداروں بشمول پولیس کےاعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔

Loading...