ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

مسلمان اپنے آپ کو اقلیت نہ سمجھیں، مسلمان ملک کی دوسری بڑی اکثریت ہیں: کے رحمن خان کا بیان

بنگلورو میں لڑکیوں کی تعلیمی ترقی کیلئے کوشاں بسم اللہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کیلئے یہ ایک تاریخی دن تھا۔ ریاست کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی کی دعاؤں کے ساتھ سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان کے ہاتھوں بی ای ٹی کامپوزیٹ پی یو کالج کی سلور جوبلی توسیع عمارت کا افتتاح عمل میں آیا۔

  • Share this:
مسلمان اپنے آپ کو اقلیت نہ سمجھیں، مسلمان ملک کی دوسری بڑی اکثریت ہیں: کے رحمن خان کا بیان
سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان کے ہاتھوں بی ای ٹی کامپوزیٹ پی یو کالج کی سلور جوبلی توسیع عمارت کا افتتاح عمل میں آیا۔

بنگلورو: بنگلورو میں لڑکیوں کی تعلیمی ترقی کیلئے کوشاں بسم اللہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کیلئے یہ ایک تاریخی دن تھا۔ ریاست کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی کی دعاؤں کے ساتھ سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان کے ہاتھوں بی ای ٹی کامپوزیٹ پی یو کالج کی سلور جوبلی توسیع عمارت کا افتتاح عمل میں آیا۔ ساتھ ہی مقامی رکن اسمبلی سومیا ریڈی نے ادارے کی نئی لائبریری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈگری کالج کا گرائجویش ڈے بھی منایا گیا۔ سابق ریاستی وزیر اور بسم اللہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین آر روشن بیگ کی صدارت میں یہ یادگار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیرکے رحمن خان نے کہا کہ مسلمان اپنے آپ کو اقلیت نہ سمجھیں۔ اقلیت کی سوچ سے باہر نکل کر ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلے شکوے، غیر ضروری تنقید کرنا، ہر پہلو کو منفی نقطہ نظر سے دیکھنا عادت سی بن گئی ہے۔ اس لئے مسلمان تعلیمی، معاشی اور سماجی طور پر پسماندگی کا شکار ہیں۔ طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کے رحمن خان نے کہا کہ اگر آپ میں محنت کا جذبہ، صلاحیتیں موجود ہیں تو کوئی بھی چیز رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ اپنی مثال پیش کرتے ہوئے رحمن خان نے کہا کہ انہوں نے طالب علمی کے دور میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بننے کا ارادہ کرلیا تھا۔ سی اے امتحانات کی پہلی کوشش میں ہی انہیں کامیابی حاصل ہوئی اور انہیں ریاست کرناٹک میں پہلا مسلم چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔


طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کے رحمن خان نے کہا کہ اگر آپ میں محنت کا جذبہ، صلاحیتیں موجود ہیں تو کوئی بھی چیز رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کے رحمن خان نے کہا کہ اگر آپ میں محنت کا جذبہ، صلاحیتیں موجود ہیں تو کوئی بھی چیز رکاوٹ نہیں بن سکتی۔


انہوں نے کہا کہ بلند عزائم اور قوی ارادہ کے ساتھ اگر آپ کسی بھی میدان میں آگے بڑھیں تو کوئی چیز رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ الامین تحریک کی مثال پیش کرتے ہوئے کے رحمن خان نے کہا کہ ڈاکٹر ممتاز احمد خان نے بغیر مال و زر کے 50 سال قبل تحریک شروع کی تھی، جس کی وجہ سے ریاست بھر میں کئی تعلیمی ادارے قائم ہوئے۔ بسم اللہ ایجوکیشنل ٹرسٹ جیسے کئی اداروں کو الامین تحریک سے حوصلہ ملا ہے۔
کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی نے مسلم لڑکیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی بی ای ٹی کی کوششوں کی ستائش کی۔ امیر شریعت نے کہا کہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم پانا ہر ایک کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ اعلی عہدوں پر پہونچ کر ملک اور ملت کی خدمت کرنے کا جذبہ ہر نوجوان میں پیدا ہونا چاہئے۔
کرناٹک اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین خسرو قریشی نے بی ای ٹی کالج میں لائبریری کے قیام میں مالی تعاون پیش کیا ہے۔ خسرو قریشی نے کہا کہ وہ تعلیمی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔ مقامی ایم ایل اے سومیا ریڈی، سابق ریاستی وزیر رام لنگا ریڈی نے بھی تقریب میں حصہ لیا۔ علاقے میں گزشتہ کئی سالوں سے تعلیم کو عام کرنے کی بی ای ٹی ادارے کی کوششوں کی ستائش کی۔ بسم اللہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین آر روشن بیگ نے کالج سے فارغ ہونے والی طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ خوب پڑھیں اور خوب ترقی کریں۔ روشن بیگ نےکہا کہ آئی اے ایس، کے اے ایس، پولیس افسر، پائلٹ جیسے اعلی عہدوں پر فائز ہونے کے عزم کے ساتھ طلبہ پڑھائی کریں۔ کامیابی ضرور بہ ضرور قدم چومے گی۔
Published by: Nisar Ahmad
First published: Feb 13, 2021 01:29 AM IST