ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کرناٹک بھر میں 72 واں یوم جمہوریہ منایا گیا، کورونا کے باعث مختصر طور پر تقریبات

کرناٹک بھر میں 72 واں یوم جمہوریہ منایا گیا۔ کورونا وبا کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیوں کے باعث مختصر طور پر تقریبات منعقد کی گئیں۔ بنگلورو کے مانک شاہ پریڈ گراونڈ میں ریاست کے گورنر واجو بھائی والا نے ترنگا لہرانے کے بعد ریاست کے عوام سے خطاب کیا۔ روایتی گجراتی پگڑی پہن کر گورنر نے یوم جمہوریہ کی تقریب سے خطاب کیا۔

  • Share this:
کرناٹک بھر میں 72 واں یوم جمہوریہ منایا گیا، کورونا کے باعث مختصر طور پر تقریبات
کرناٹک بھر میں 72 واں یوم جمہوریہ منایا گیا، کورونا کے باعث مختصر طور پر تقریبات

بنگلورو: کرناٹک بھر میں 72 واں یوم جمہوریہ منایا گیا۔ کورونا وبا کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیوں کے باعث مختصر طور پر تقریبات منعقد کی گئیں۔ بنگلورو کے مانک شاہ پریڈ گراونڈ  میں ریاست کے گورنر واجو بھائی والا نے ترنگا لہرانے کے بعد ریاست کے عوام سے خطاب کیا۔ روایتی گجراتی پگڑی پہن کر گورنر نے یوم جمہوریہ کی تقریب سے خطاب کیا۔ گورنر واجو بھائی والا نے کہا کہ وہ اس یوم جمہوریہ کو کبھی نہ جھکنے والی انسانی طاقت کے نام سے منسوب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020 میں پوری دنیا کیلئے چیلنج بنی کورونا کی وبا کے درمیان ہم نئی امنگوں، نئی امیدوں کے ساتھ نئے سال میں قدم رکھ چکے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ ریاستی حکومت  عوام کے تعاون کے ساتھ کورونا پر قابو پانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک بھر میں کورونا ٹیکہ کاری مہم کا آغاز ہوا ہے۔  ہندوستان کورونا کی ویکسین تیار کرنے والا ایک بڑا ملک بن چکا ہے۔ ہندوستان اپنی کورونا ویکسین دیگر ممالک کیلئے برآمد کررہا ہے، جو قابل ذکر ہے۔ گورنر واجو بھائی والا نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے دن اور محنت کرنے والوں کا وہ شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اپنے خطاب میں گورنر نے ریاستی حکومت کی اسکیموں، ترقیاتی کاموں کا گن گان کیا۔



دوسری جانب تعلیمی اداروں میں بھی جشن یوم جمہوریہ کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ بنگلورو کی سٹی جامع مسجد کے تحت چلنے والے جامع العلوم میں یوم جمہوریہ کی مختصر  تقریب منعقد ہوئی۔ جامع مسجد کے سکریٹری سید نورالامین انور نے ترنگا لہرایا۔ سید نورالامین انور نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ آن لائن کلاسوں  سے بچوں کو کوئی خاص فائدہ نہیں پہونچا ہے۔ اب کورونا کی بیماری میں قابو میں آچکی ہے،تعلیم نظام کو معمول پر لانے کیلئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔   سٹی جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا مقصود عمران رشادی نے کہا کہ کورونا وبا نے تمام انسانوں کو سبق سکھایا ہے۔  ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے، آپس میں مل جل کر زندگی گزر بسر کرنے کی ہر ایک کو فکر کرنی چاہئے۔

بنگلورو کے الامین کیمپس میں بھی جشن یوم جمہوریہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے سکریٹری سبحان شریف نے پرچم کشائی کی۔ سبحان شریف نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ ہی ملک اور ملت کی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے تعلیمی اداروں میں 2 لاکھ سے زائد طلبہ زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔



بنگلورو کے پسماندہ علاقے ٹیانری روڈ میں موجود مناہل تعلیمی ادارے میں کورونا کے بہادر ڈاکٹر حمید میاں کو تہنیت پیش کرتے ہوئے یوم جمہوریہ منایا گیا۔ ادارے کے چیرمین سلیم احمد قریشی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے کئی مہینوں تک اسکولوں  اور کالجوں کے دروازے بند تھے۔ اب آہستہ آہستہ درس و تدریس کا سلسلہ معمول کے مطابق شروع ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک خاص شخصیت کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ کورونا وارئر ڈاکٹر حمید میاں کو مدعو کیا گیا تھا۔ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کورونا وبا کے درمیان ڈاکٹر حمید میاں نے خدمات انجام دی ہیں۔ لہذا ادارے نے انکی خدمت کا اعتراف کرنے کا فیصلہ لیا۔ اس موقع پر حال ہی میں انتقال کر جانے والے مناہل تعلیمی ادارے کے سرپرست نواب جان قریشی کو خراج عقیدت پیش کی گئی۔ ڈاکٹر حمید میاں نے کہا کہ بھلے ہی کورونا کی ویکسین آچکی ہے۔ لیکن اس بیماری کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ لوگ عوامی مقامات میں ماسک، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے کام کاج کو انجام دیں۔
بنگلورو کے عباس خان کالج، حسنات کالج، شاہین فالکان کالج اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھی 72 واں یوم جمہوریہ منایا گیا۔
بنگلورو کے مرکزی عیدگاہ حضرت قدوس صاحب عیدگاہ میں جشن یوم جمہوریہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈ کے چیئرمین ایس ایس اے قادر نے ترنگا لہرایا۔ بورڈ کے ٹرسٹی عثمان شریف،افسر قادری، فیضان طاہر اور دیگر نے حصہ لیا۔ جمعہ مسجد کے خطیب و امام مولانا شاہ عبدالواجد نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈ نے آنے والے دنوں میں اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈ کے سکریٹری عثمان شریف نے کہا کہ مفت اجتماعی شادیوں کی تقریب میں 150 غریب جوڑوں کا نکاح کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
Published by: Nisar Ahmad
First published: Jan 26, 2021 11:48 PM IST