ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کرناٹک : ڈی کے شیوکمار کی سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان سے ملاقات ، ان امور پر ہوئی گفتگو

ملاقات کے دوران رحمن خان نے کہا کہ ریاست کی اقلیتوں کو کانگریس سے کافی امیدیں ہیں۔ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ وہ سماج کے ہرطبقہ کا ساتھ اور بھروسہ حاصل کرتے ہوئے پارٹی کی ترقی پر توجہ دیں گے ۔

  • Share this:
کرناٹک : ڈی کے شیوکمار کی سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان سے ملاقات ، ان امور پر ہوئی گفتگو
کرناٹک : ڈی کے شیوکمار کی سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان سے ملاقات ، ان امور پر ہوئی گفتگو

کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر ڈی کے شیوکمار نے آج سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان سے ملاقات کی ۔ بنگلورو میں ڈی کے شیوکمارنے رحمن خان کی رہائش گاہ پر پہنچ کراُن سے ملاقات کی اور مختلف امور پر گفتگو کی ۔  ریاستِ کرناٹک میں کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے ، پارٹی میں اتحاد اور اتفاق کو قائم رکھنے، پارٹی کے ڈھانچے میں اقلیتوں کی مناسب نمائندگی، موجودہ بی جے پی حکومت میں اقلیتوں کو درپیش مسائل سمیت مختلف امور پردونوں لیڈروں نے گفتگو کی ۔


کے رحمن خان نے ڈی کے شیوکمار کومبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کی نئی ذمہ داری کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ۔ کے رحمن خان نے شیوکمار کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی کے اندر گروہ بندیوں کوختم کرنے کی جانب توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ زمینی سطح پر کام کرنے والے کارکنان پارٹی کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں ، لہذا کارکنوں کو اعتماد میں لیکرپارٹی کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں۔


ملاقات کے دوران رحمن خان نے اقلیتوں کے اہم مسائل کا بھی تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی اقلیتوں کو کانگریس پارٹی سے کافی امیدیں ہیں۔ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ وہ سماج کے ہرطبقہ کا ساتھ اور بھروسہ حاصل کرتے ہوئے پارٹی کی ترقی پر توجہ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سینئر لیڈروں کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری کونبھائیں گے۔ سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان نے امید ظاہرکی کہ ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں کرناٹک میں کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔


کانگریس کے قداور لیڈر ڈی کے شیوکمار کوحال ہی میں پارٹی اعلی کمان نے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کیا ہے ۔ ڈی کے شیوکمار اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے سے قبل پارٹی کے تمام سینئر لیڈروں سے ملاقات کر رہے ہیں۔  کے رحمن خان کے علاوہ شیوکمار نے  نے ملیکارجن کھرگے، ویرپاّ موئلی، سدارامیا، مارگیٹ الوا، جی پرمیشور، منی ایپا، دنیش گنڈوراؤ اور دیگر لیڈروں سے ملاقات کی ہے ۔
First published: Mar 15, 2020 10:18 PM IST