உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    کرناٹک الیکشن: جو بوتھ جیتے گا، وہی الیکشن جیتے گا: وزیراعظم نے بی جے پی کارکنان کو دیا پیغام

    وزیر اعظم نریندر مودی ۔ فوٹو اے این آئی

    وزیر اعظم نریندر مودی ۔ فوٹو اے این آئی

    • Share this:
      نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کرناٹک کے سبھی بی جے پی کارکنان سے رائے دہندگان کے درمیان جانے اور بوتھ سطح تک ووٹروں کو اپنے حق میں بدلنے کے لئے پوری طاقت لگانے کی اپیل کی ۔

      وزیراعظم نے کرناٹک کے بی جے پی کارکنان الیکشن کے امیدواروں اور عوامی نمائندوں سے "نریندر مودی ایپ" کے ذریعہ بات کرتےہوئے کہا "ہمیں صرف ترقی کے موضوع پر الیکشن لڑنا ہے، ایسے میں آپ کو محتاط رہنگا ہوگا، کیونکہ سیاسی پارٹیاں بی جے پی کے خلاف جھوٹ پھیلا رہی ہیں۔ ہمیں جھوٹ سے بھی لڑنا ہے اور ترقی سچ کی لڑائی بھی لڑنی ہے"۔ انہوں نے کہاکہ آج کانگریس کی وجہ سے ہی ریاست کی غلط تصویر بنی ہے، اس شبیہ اور غلط تشہیر کی آندھی کو سچ کی بنیاد پر جیتنا ہے۔

      وزیراعظم نے بی جے پی کارکنان سے کہا کہ 12 مئی تک اور کوئی کام نہیں ہونا چاہئے۔ "رائے دہندگان کے درمیان زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں، ان سے جڑیں، ہمیں ووٹوں کو بدلنا ہے، ہمیں ووٹروں کو بوتھ تک لے جانا ہے، جو بوتھ جیتے گا، وہی الیکشن جیتے گا"۔

      انہوں نے کہاکہ سبھی کو ٹکٹ نہیں مل سکتا، لیکن ہمیں پوری طاقت کے ساتھ کام کرنا ہے۔ غیر ملکی ایجنسیوں کے ذریعہ الیکشن میں گمراہ کرنے کی کوششوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ اس میں ہمارے کارکنان کی طاقت ہی ہماری طاقت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سبھی کارکنان کو ایک ایک ووٹر کے پاس پہنچنا چاہئے، وہ خود چین کے دورہ کے بعد کرناٹک دورہ پر آئیں گے۔

      وزیراعظم نے کہا "جتنے مرد کارکنان ہیں، اتنی ہی خاتون کارکنان کو ووٹروں سے ملنے کے لئے بھیجئے۔ اس کے علاوہ  ہر کارکن کو کچھ فیملی کی ذمہ داری دے دیجئے۔ ہمیں بوتھ سطح تک کا الیکشن جیتنا ہے اور اس کے لئے لوگوں سے ذاتی طور پر بات کیجئے"۔ انہوں نے کہاکہ ہم ترقی کے موضوع پر ، تنظیم کی طاقت کی بنیاد پر اور عوام کے اعتماد کو جیت کر الیکشن میں جیت حاصل کرنا چاہتے ہیں، ہم عوام کو گمراہ کرکے الیکشن نہیں جیتنا چاہتے۔

      کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ کرناٹک میں مائوں اور بہنوں کو بیت الخلائ سے محروم رکھا گیا۔ اب مرکزی حکومت نے 4 سال میں 34 لاکھ بیت الخلا بنائے ہیں۔

      وزیراعظم نے کہاکہ ان پر الزام لگایاجاتا ہے کہ مودی صرف مالداروں کے لئے کام کرتا ہے۔ کیا یہ 34 لاکھ بیت الخلا امیروں کے لئے بنے ہیں؟ وزیراعظم نے کہاکہ آج جو سرکار آپ یہاں منتخب کریں گے، وہ آزادی کے 75 سال پورے ہونے پر 2022 تک رہے گی۔ آپ ایسی حکومت منتخب کریں جو مرکزی حکومت کے نیو انڈیا ویژن کو ساتھ لے کر چلے۔ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ مکمل اکثریت کی سرکار لائیے، دنیا میں آج بھارت کا نام روشن ہوا ہے، اس کی وجہ مرکز میں فیصلے لینے والی مکمل اکثریت کی سرکار ہے۔

       
      First published: