بنگلورو: کرناٹک میں آخرکار وزیر اعلی یدی یورپا نے کابینہ کے وزیر سری راملو سے وزارت صحت کا قلمدان چھین لیا ہے۔ سری راملو کی جگہ ڈاکٹر سدھاکر ریاست کے نئے وزیرِ صحت ہوں گے۔ وزیر اعلی نے سری راملو کو سماجی بہبود کا قلمدان سنوپتے ہوئے کابینہ کے چند قلمدانوں میں رد و بدل کیا ہے۔ کورونا کی وبا کے باعث وزارت صحت کے قلمدان کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ ڈاکٹر سدھاکر جو آپریشن کمل میں کانگریس پارٹی ترک کرتے ہوئے چند مہینوں قبل بی جے پی میں شامل ہوئے اور انہیں کابینہ میں جگہ فراہم کرتے ہوئے وزیر برائے طبی تعلیم کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ اب طبی تعلیم کے ساتھ ڈاکٹر کے سدھاکر کو وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ کے سدھاکر پیشہ سے ڈاکٹر ہیں۔ کہا یہ جارہا ہے کہ کورونا کی وبا کے دوران ڈاکٹر سدھاکر وزارت صحت کی باگ ڈور بہتر طریقے سے سنبھال سکیں گے۔۔ اس پیش رفت سے قبل سری راملو نے ان کے قلمدان میں کسی بھی طرح کی تبدیلی نہ کرنے کیلئے وزیر اعلی پر کافی دباؤ ڈالا تھا، لیکن کورونا کی وبا پر قابو پانے میں بحیثیت وزیر صحت سری راملو کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے تھے۔
ریاست میں دن بدن کورونا کے کیسوں میں ہورہے اضافہ اور کورونا سے ہو رہی اموات نہ صرف وزارت صحت بلکہ حکومت کی کوتاہی اور ناکامی کو ظاہر کررہی تھیں۔ آج وزیر اعلی نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سری راملو کے پاس موجود صحت اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود، ان دونوں قلمدانوں کو بدلتے ہوئے سری راملو کو صرف سماجی بہبود کا قلمدان سونپا ہے۔ جیسے ہی اس بات کا اعلان ہوا سری راملو نے سرکاری کار کے بجائے نجی کار کا استعمال کرتے ہوئے اپنے غصے اور ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس دوران وزیر اعلی یدی یورپا کی جانب سے راملو کو منانے کی کوششیں جاری ہیں۔

وزیر اعلی یدی یورپا نے کابینہ کے وزیر سری راملو سے وزارت صحت کا قلمدان چھین لیا ہے۔ سری راملو کی جگہ ڈاکٹر سدھاکر ریاست کے نئے وزیرِ صحت ہوں گے۔ وزیر اعلی نے سری راملو کو سماجی بہبود کا قلمدان سنوپتے ہوئے کابینہ کے چند قلمدانوں میں رد و بدل کیا ہے۔
سیاسی حلقہ میں یہ قیاس آرائی کی جا رہی ہے، اس تبدیلی کے بعد بعید نہیں کہ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے سینئر لیڈر سری راملو کابینہ سے استعفی بھی دے سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بروز منگل وزیر اعلی یدی یورپا سری راملو کو اپنی رہائش گاہ پر بلا کر ان کی ناراضگی کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ بلاری ضلع سے تعلق رکھنے والے سری راملو اور ریڈی برادرس بی جے پی میں اپنا اثر و رسوخ رکھتے ہوئے آئے ہیں، لیکن سابق وزیر جناردھن ریڈی کے مائننگ گھوٹالہ میں ملوث ہونے کے بعد بلاری کے لیڈروں کا سیاسی دباؤ کچھ کم ہوا ہے۔ دیکھنا یہ ہوگا کہ سری راملو وزیر اعلی یدی یورپا کے فیصلے کے ساتھ سمجھوتہ کرتے ہیں یا پھر کوئی بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ریاست کی بی جے پی حکومت کیلئے کوئی نئی پریشانی کھڑی کرتے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔