آئی این ایکس میڈیا کیس : 6 مارچ تک کیلئے سی بی آئی حراست میں بھیجے گئے کارتی چدمبرم

راجدھانی کی ایک ذیلی عدالت نے آئی این ایکس میڈیا سے وابستہ کالے دھن کو جائز بنانے کے معاملہ میں سابق وزیر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کو چھ مارچ تک کے لئے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی حراست میں بھیج دیا۔

Mar 01, 2018 08:15 PM IST | Updated on: Mar 01, 2018 08:15 PM IST
آئی این ایکس میڈیا کیس : 6 مارچ تک کیلئے سی بی آئی حراست میں بھیجے گئے کارتی چدمبرم

نئی دہلی : راجدھانی کی ایک ذیلی عدالت نے آئی این ایکس میڈیا سے وابستہ کالے دھن کو جائز بنانے کے معاملہ میں سابق وزیر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کو چھ مارچ تک کے لئے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی حراست میں بھیج دیا۔ سی بی آئی کے خصوصی جج سنیل رانا نے متعلقہ فریقوں کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد یہ حکم سنایا۔ سی بی آئی کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ تفتیشی ایجنسی طویل پوچھ گچھ کے لئے کارتی کو 14دن کی حراست میں لینا چاہتی ہے، لیکن خصوصی جج نے چھ مارچ تک حراست کی مدت منظور کی۔

سی بی آئی نے کارتی کو لندن سے چنئی ہوائی اڈے پر کل صبح اترتے ہی حراست میں لے لیا تھا۔ کچھ دیر ہوائی اڈے پر ہی پوچھ گچھ کے بعد کارتی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفتیشی ایجنسی کارتی کو چنئی سے دہلی ہیڈکوارٹر لیکر آئی اور کل شام اس نے انہیں پٹیالہ ہاوس عدالت میں خصوصی جج کے سامنے پیش کیا۔ خصوصی عدالت نے کارتی کو کل ایک دن کے لئے پولیس حراست میں بھیجا تھا جس کے بعد سی بی آئی کو آج پھر جونےئر چدمبرم کو عدالت میں پیش کرنا پڑا تھا۔ آج طویل جرح کے بعد عدالت نے کچھ دیر کے لئے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

گزشتہ برس پندر ہ مئی کو سی بی آئی نے کارتی کے خلاف مجرمانہ سازش رچنے، فریب دہی، بدعنوان اور غیرقانونی کام کے لئے رقم لینے ، سرکاری ملازمین کو فیصلے تبدیل کرنے کے لئے متاثر کرنے اور دیگر مجرمانہ معاملات درج کئے تھے۔ کارتی چدمبرم پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طورپر ممبئی کے آئی این ایکس میڈیا (اب 9ایکس میڈیا) کے فورن انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ (ایف آئی پی بی) سے ہری جھنڈی دلانے کے نام پر 3.5کروڑ روپے لئے تھے۔ اس وقت کارتی کے والد مسٹر چدمبرم مرکزی وزیر تھے۔ آئی این ایکس میڈیا کو تب اندرانی مکھرجی اور پیٹرمکھرجی چلا رہے تھے۔ یہ دونوں شینا بورا قتل معاملہ میں بھی ملزم ہیں۔

خیال رہے کہ دو دن قبل ہی دہلی کی ایک عدالت نے کارتی کے چارٹرڈ اکاونٹنٹ (سی اے) ایس بھاسکر رمن کو 14دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ بھاسکر رمن کو بھی آئی این ایکس میڈیا سے وابستہ کالے دھن کو جائز بنانے کے معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔

Loading...

Loading...