آئی این ایکس میڈیا کیس میں سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم گرفتار

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا کیس میں سی بی آئی نے گرفتار کرلیا ہے ۔

Feb 28, 2018 09:52 AM IST | Updated on: Feb 28, 2018 01:33 PM IST
آئی این ایکس میڈیا کیس میں سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم گرفتار

نئی دہلی۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے آئی این ایکس میڈیا سے منسلک منی لانڈرنگ معاملہ میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے بیٹے كارتی چدمبرم کو آج چنئی میں گرفتار کر لیا۔ سی بی آئی ذرائع نے یہاں بتایا کہ جانچ ایجنسی نے كارتی کو لندن سے چنئی ہوائی اڈے پر اترتے ہی حراست میں لے لیا تھا۔ کچھ دیر ہوائی اڈے پر ہی پوچھ گچھ کرنے کے بعد كارتی کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفتیشی ایجنسی کا دعوی ہے کہ كارتی تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، جونیئر چدمبرم کو آج ہی چنئی سے دہلی لایا جائے گا۔ گزشتہ سال 15 مئی کو سی بی آئی نے كارتی کے خلاف مجرمانہ سازش رچنے، فراڈ، بدعنوان اور غیر قانونی کام کے لئے فنڈز لینے، سرکاری ملازم کو فیصلہ تبدیل کرنے کے لئے متاثر کرنے اور مجرمانہ بدسلوکی کے معاملہ درج کئے تھے۔ كارتی چدمبرم پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر ممبئی کے آئی این ایکس میڈیا (اب 9 ایکس میڈیا) کوفارن انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ (ایف آئی پی بی ) سے ہری جھنڈی دلانے کے نام پر 3.5 کروڑ روپے لئے تھے۔ اس وقت كارتی کے والد مسٹر پی چدمبرم مرکزی وزیر خزانہ تھے۔ آئی این ایکس میڈیا کو تب اندراني مکھرجی اور پیٹر مکھرجی چلا رہے تھے۔ یہ دونوں اب شینا بورا قتل میں ملزم ہیں۔

Loading...

قابل ذکر ہے کہ دو دن پہلے ہی دہلی کی ایک عدالت نے كارتی کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ایس بھاسكررمن کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ بھاسكررمن کو بھی آئی این ایکس میڈیا سے منسلک منی لانڈرنگ معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔

Loading...