ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

جموں و کشمیر : شاہ فیصل نے مسئلہ کشمیر کے حل کو لے کر دیا بڑا بیان ، کہی یہ بات

سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ ان کی جماعت جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لئے کوشاں رہے گی۔

  • UNI
  • Last Updated: Mar 17, 2019 06:50 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
جموں و کشمیر : شاہ فیصل نے مسئلہ کشمیر کے حل کو لے کر دیا بڑا بیان ، کہی یہ بات
شاہ فیصال ، فائل فوٹو :

سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ ان کی جماعت جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لئے کوشاں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلے کا ایک ایسا حل تلاش کیا جانا چاہیے جو جموں وکشمیر کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہو۔شاہ فیصل نے کہا کہ ریاست میں موجودہ شورش کا سب سے زیادہ خمیازہ نوجوانوں کو بھگتنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نوجوانوں کے لئے کام کرے گی اور ان کی جانیں بچائے گی۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ان کی جماعت کرپٹ نظام کو ختم کرے گی اور مختلف طبقات کو سیاسی نمائندگی دلائے گی۔ علاوہ ازیں ریاست کو وسطی ایشیا کا مرکز بنانے کے لئے 'سلک روٹ کی بحالی کے لئے کام کرے گی۔شاہ فیصل نے یہ باتیں اتوار کے روز یہاں راج باغ علاقہ میں واقع فٹ بال گراؤنڈ گندن پارک میں ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ تقریب میں 'جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کو رسمی طور پر لانچ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی جماعت کے ویژن کے بارے میں دو تین چیزیں کہنا چاہوں گا۔ لوگ پوچھتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آپ کا کیا موقف رہے گا۔ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے ہماری جماعت کوشاں رہے گی۔ وہ حل جموں وکشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کی بات دو ممالک کے بیچ کی بات ہے ۔

انہوں نے نوجوانوں پر کہا 'مجھے سے کہا جاتا ہے کہ آپ نوجوانوں کی بات کرتے ہیں لیکن نوجوان ووٹ نہیں ڈالتے۔ میرا ماننا ہے کہ موجودہ شورش کا سب سے زیادہ شکار ہمارے نوجوان ہیں۔ جب پیلٹ لگتا ہے تو ایک نوجوان کو لگتا ہے۔ جو گولی لگتی ہے تو ایک نوجوان کو لگتی ہے۔ جب مرتا ہے تو ایک نوجوان مرتا ہے۔ نوجوان مجھے آج ووٹ نہیں دیں گے تو کل دیں گے۔ نوجوانوں کا شامل ہونا میری لئے بے حد ضروری ہے۔ ہم نوجوانوں کی زندگیاں بچانا چاہتے ہیں ۔

شاہ فیصل نے کہا کہ ان کی جماعت مختلف طبقات کو سیاسی نمائندگی دلائے گی۔ ان کا کہنا تھا 'ہماری ریاست میں بہت طبقات ایسے ہیں جن کو ابھی تک سیاسی نمائندگی نہیں ملی ہے۔ ان کے ممبران اسمبلی نہیں بن پاتے ہیں۔ ہم ایسے طبقات کو نمائندگی دلانے کے لئے کوشاں رہیں گے ۔

First published: Mar 17, 2019 06:50 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading