بھوپال : 11 فروری مسیح الملک حکیم اجمل خان کا یوم ولادت تھا ۔اس دن کو پورے ملک میں یونانی ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ مدھیہ پردیش کے واحد گورنمنٹ یونانی کالج حکیم سید ضیا الحسن یونانی کالج میں یونانی ڈے کے موقعہ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا اور طب یونانی کے میدان میں حکیم اجمل خان کی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ اس موقعہ پر ماہرین طب نے حکیم اجمل خان کے ذریعہ یونانی اور آیوروید کو ساتھ رکھ کر کام کرنے اور انڈین سسٹم آف میڈیسین پر سائنسی نقطہ نظر سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ماہرین طب کا ماننا ہے کہ طب یونانی اور آیوروید کو لے کر حکیم اجمل خان نے جس طرح سے سائنسی طریقے سے کام کیا تھا، اسے اور وسعت اور فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
حکیم سید ضیا الحسن گورنمنٹ یونانی کالج کی پرنسپل پروفیسر محمودہ بیگم نے نیوز18 اردو سے خاص بات چیت میں کہا کہ گرچہ اس کالج کے قیام کو ابھی صرف پچیس سال ہی ہوئے ہیں، لیکن اس قلیل عرصہ میں بھی اس ادارے نے تعلیم کے میدان میں نمایاں کام کیا ہے۔ ہمارے پی جی کورسیز کو بھی حکومت سے منظوری مل گئی ہے اور اب طب کے میدان میں سائنسی نقطہ نظر سے ہمارے طلبا کام کر سکیں گے۔
ممتاز ماہر طب ڈاکٹر افتخار احمد نے نیوز18 سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم یونانی ڈے کے حوالے سے اس شخص کو یاد کررہے ہیں جس نے طب یونانی کے فروغ میں وہ قربانیاں دی ہیں جس کے ذکر کے بغیر بیسویں صدی کی طب یونانی کی تاریخ نہیں لکھی جا سکتی ہے ۔ گیارہ فروری کے دن کو ہم یونانی میڈیسین فار پبلک ہیلتھ کے عنوان سے منا رہے ہیں اور طب یونانی جس کا انحصار مزاج پر ہوتا ہے، اس میں سائنسی نقطہ نظر سے کام پر اپنا فوکس کر رہے ہیں۔
پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد اختر مسعود نے نیوز18 اردو سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکیم اجمل خان نے سب سے زیادہ فوکس ریسرچ پر دیا تھا اور آج کے سائنسی عہد میں اسی پر کام کرکے ہم طب یونانی کی اہمیت و افادیت کو نہ صرف ہندستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر ثابت کر سکتے ہیں۔ ممتاز ماہر طب پروفیسر خورشید احمد نے یونانی ڈے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طب یونانی کی تاریخ اس کی اہمیت و افادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے حکیم اجمل خان کے خصوصی کنٹریبیوشن کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی تاریخ اور اپنے اسلاف کی تاریخ کو نہیں پڑھتی ہیں انہیں تاریخ بھی فراموش کردیتی ہے۔
پروگرام کے مہمان اعزازی ممتاز ادیب و محقق ڈاکٹر مہتاب عالم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اجمل خان جیسی عبقری شخصیت جس قوم میں پیدا ہوتی ہے اسے فحر کرنا چاہئے ۔ حکیم اجمل خان کا ادبی سرمایہ عربی ، فارسی اور اردو زبان میں ہے ۔ انہوں نے عربی، فارسی اور اردو میں شیدا تخلص سے بہترین شاعری کی ہے۔ انہوں نے یونانی اور آیورویدا کو ساتھ رکھ کر انڈین سسٹم آف میڈیسین کے لئے جو کام شروع کیا تھا، اسے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ آج جس طرح سے یونانی ادویات کی اہمیت و افادیت بڑھ رہی ہے یوروپ اسے کمتر ثابت کرنے کے لئے اس بات کی تشہیر کر رہا ہے کہ یہ ادویات سائنٹفکلی پروو نہیں ہیں لیکن یہاں گھبرانےکی ضرورت نہیں ہے بلکہ انسانی مزاج اور یونانی ادویات کو سائنسی نقطہ نظر سے ثابت کرکے یورپ مدلل انداز میں جواب دینے کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے ماہرین بہت جلد اس سائنسی پہلو پر بھی کام کرکے یونانی ادویات کی اہمیت کو ثابت کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ حکیم اجمل خان ماہر طب کے ساتھ مجاہد آزادی، انڈین نیشنل کانگریس، انڈین مسلم لیگ اور خلافت تحریک کے بھی صدر رہے ہیں ۔ انہوں نے ہندو مہا سبھا کے اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔
یونانی ڈے کے موقعہ پر کالج کے ذریعہ شجرکاری اور بلڈ ڈونیشن کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں شریک مہمانوں کو میڈیسینل پلانٹ دیکر ان کا استقبال کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر احسان اعظمی بحسن خوبی انجام دئے ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔