ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

بھوپال کے چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کی تاریخ کا اعلان ، ان چیزوں پر ہوگی مکمل پابندی

عالمی اجتماع کمیٹی کے ترجمان حاجی عتیق الاسلام کہتے ہیں کہ یہ بھوپال کے لئے بڑی سعادت ہے کہ اللہ ان سے اسلام کی دعوت کا کام لیتا ہے ۔

  • Share this:
بھوپال کے چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کی تاریخ کا اعلان ، ان چیزوں پر ہوگی مکمل پابندی
بھوپال کے چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کی تاریخ کا اعلان ، جانیں کب ہوگا انعقاد

بھوپال کے چار روز ہ عالمی تبلیغی اجتماع کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ عالمی تبلیغی اجتماع 2020 کا آغاز 27 نومبر سے ہوگا اور 30 نومبر کو اجتماعی دعا کے ساتھ عالمی تبلیغی اجتماع اختتام پذیر ہوگا۔ نوابوں کی نگری بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کی بنیاد انیس سو سینتالیس میں رکھی گئی تھی ۔ انیس سو سینتالیس میں ملک کی آزادی کے ساتھ جب سرحدوں کی تقسیم ہوئی اور لاکھوں کی تعداد میں انسان ایک ملک سے دوسرے ملک میں منتقل ہوئے تو ایسے حالات میں بکھرے ہوئے شیرازے کو یکجا کرنے اور اللہ کا پیغام اللہ کے بندوں تک پہنچانے کے لئے اجتماع کی بنیاد رکھی گئی تھی ۔


اجتماع کا آغاز انیس سو سینتالیس میں بھوپال کی گھاٹی بھڑبھجا مسجد سے ہوا ۔ اس کے بعد اجتماع کو بھوپال کی مسجد شکور خان میں منتقل کیا گیا۔ یہاں سے عالمی اجتماع کو پچاس کی دہائی میں ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد میں منتقل کیا گیا۔ اجتماع کا آغاز تیرہ لوگوں سے ہوا تھا ، لیکن اب اسی اجتماع میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید ہر سال ملک و بیرون ملک سے شرکت کرتے ہیں ۔ ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد میں عالمی اجتماع کا انعقاد دوہزار دو تک کیا گیا ، لیکن اجتماع میں فرزندان توحید کی کثرت ہوئی اور تاج المساجد نے اپنی تنگ دامنی کی شکایت کی تو عالمی تبلیغی اجتماع کا تاج المساجد سے بھوپال کے اینٹ کھیڑی میں منتقل کیا گیا۔


اینٹ کھیڑی میں ہی 73 ویں عالمی تبلیغی اجتماع کا بھی انعقاد ہوگا ۔ عالمی اجتماع میں پالتھین ، بیڑی ، سگریٹ کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی اور زیرو ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ اس کا انعقاد ہوگا ۔ عالمی اجتماع کمیٹی کے ترجمان حاجی عتیق الاسلام کہتے ہیں کہ یہ بھوپال کے لئے بڑی سعادت ہے کہ اللہ ان سے اسلام کی دعوت کا کام لیتا ہے ۔ کمیٹی کے اراکین مرکز حضرت نظام الدین گئے تھے اور حضرت مولانا سعد صاحب کے حکم سے ستائس نومبر سے تیس نومبر تک عالمی اجتماع کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عالمی اجتماع کا انعقاد گزشتہ سال سے بڑے پیمانے پر کیا جائے گا ، جس میں ڈھائی سو ایکڑ میں پارکنگ، کھانے کے لئے چالیس سے بیالیس زون ہونگے اور علما ئے دین کے بیانات کے لئے تقریبا دیڑھ سو ایکڑ زمین پر پنڈال لگایا جائے گا۔

First published: Mar 15, 2020 10:24 PM IST