مہاراشٹرکی سیاسی سرگرمی میں اضافہ، سونیا گاندھی سے ملےشرد پوار، بی جے پی اورشیو سینا اپنےموقف پرقائم

نئے سیاسی صورتحال میں این سی پی اورکانگریس اپوزیشن میں بیٹھنے کے لئےتیارہیں وہیں شیوسینا ابھی بھی 50-50 کے فارمولے پرقائم ہے۔

Nov 04, 2019 11:30 PM IST | Updated on: Nov 04, 2019 11:30 PM IST
مہاراشٹرکی سیاسی سرگرمی میں اضافہ، سونیا گاندھی سے ملےشرد پوار، بی جے پی اورشیو سینا اپنےموقف پرقائم

این سی پی سربراہ شرد پوار، سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے۔

نئی دہلی: مہاراشٹراسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کو10 روزہوچکے ہیں، لیکن ابھی تک وہاں حکومت سازی کا معاملہ معلق ہے۔ این سی پی اورکانگریس اپوزیشن میں بیٹھنے کے لئےتیارہیں وہیں شیو سینا اوربی جے پی میں 50-50 کا معاملہ التوا میں ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کےسربراہ شرد پوارنےآج یہاں کانگریس کی عبوری صدرسونیا گاندھی سے ملاقات کی اورمہاراشٹر کی سیاسی صورتحال پرغوروفکرکیا، لیکن وہاں حکومت تشکیل دینے کے سلسلے میں اپنے پتے نہیں کھولے۔ وہیں دوسری طرف وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پارٹی کے قومی صدراور وزیرداخلہ امت شاہ سے ملاقات کرکے سیاسی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا۔ جبکہ شیو سینا لیڈرسنجے راؤت گورنرسے ملاقات کرنے پہنچ گئے۔ 

شرد پوارنے یہاں سونیا  گاندھی سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ انہوں نے کانگریس صدرکو ریاست کی سیاسی صورت حال کی اطلاع دی۔ حالانکہ انہوں نےاس کی تفصیلات نہیں بتائیں اورکہا کہ یہ طےکیا گیا ہےکہ اس طرح کی ملاقات دوبارہ ہو۔ میٹنگ میں کانگریس کےسینئرلیڈر اے کےانٹونی بھی موجود تھے۔ این سی پی کے سربراہ شرد پوارنےشیوسینا کے ساتھ مل کر حکومت تشکیل دینے کے امکانات کومسترد کردیا ہےاورکہا ہےکہ ہمارے پاس نہ تو تعداد ہےاورنہ ہی شیوسینا کے ساتھ حکومت بنانے کے سلسلے میں کوئی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور شیو سینا کےدرمیان جوچل رہا ہے، اس پران کی نظرہے۔

شردپوار نےایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ نہیں چاہتے ہیں کہ ریاست میں صدر راج کا نفاذ ہو، لیکن جنہیں عوام نےاکثریت دیا ہے، انہیں حکومت تشکیل دینے کا کام کرنا چاہئے۔ شرد پوارنےواضح کردیا کہ ان کا وزیراعلی بننے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 288 رکن اسمبلی میں ان کی پارٹی کو اپوزیشن میں بیٹھنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔ واضح رہے کہ این سی پی کو56 اور اس کی معاون پارٹی کانگریس کو 44 سیٹیں ملی ہیں۔

Loading...

بی جے پی کے خلاف بول رہی ہے شیو سینا

نامہ نگاروں سے بات چیت میں شرد پوارنے کہا کہ ہم گزشتہ کچھ دنوں سے دیکھ رہے ہیں کہ شیو سینا مسلسل بی جے پی کے خلاف لائن لے رہی ہے۔ شیو سینا کے اخبار 'سامنا' میں مسلسل بی جے پی کے خلاف لکھا جارہا ہے۔ ساتھ ہی وہ مسلسل وزیراعلیٰ عہدے کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔ شرد پوارنے کہا کہ جو کچھ شیو سینا کے اخبارمیں لکھا جارہا ہے، اس سے لگ رہا ہے کہ انہیں حکومت میں لیڈرشپ چاہئے۔ حالانکہ یہ ان کے اتحاد کے اندرکا معاملہ ہے۔ میں نے اس پوزیشن کے بارے میں سونیا گاندھی کو اطلاع دی۔ ہم نے طے کیا ہے کہ ہم جلد ہی پھرملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا کو حمایت دینے کولے کرہمارے درمیان کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا۔

گورنرسے ملے سنجے راؤت

واضح رہے کہ پیرکو ہی شیو سینا کے دواہم لیڈروں نے گورنرسے ملاقات کی ہے۔ مہاراشٹر میں وزیراعلیٰ کی کرسی کو لے کربی جے پی کے ساتھ چل رہی سیاسی جنگ کے درمیان شیو سینا لیڈرسنجے راؤت گورنربھگت سنگھ کوشیاری سے ملنے پہنچے۔ ان کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈررام داس کدم بھی تھے۔ گورنرسے ملنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا کہ گورنرسے حکومت بنانے پربات نہیں کی۔ ہم نے گورنرسے مہاراشٹرکی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ حکومت بنانے میں شیوسینا رخنہ اندازی نہیں کرے گی۔ اس سے قبل سنجے راؤت نے کہا تھا کہ ہمارے پاس 170 اراکین اسمبلی کی حمایت ہے۔

Loading...
Listen to the latest songs, only on JioSaavn.com