ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

حج سے متعلق سعودی حکومت کا فیصلہ دانشمندانہ، حج کو مختصر کئے جانے کا اعلان قابل ستائش: مولانا ارشد مدنی

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے خادم حرمین شریفین ملک سلمان بن عبدالعزیز کے ذریعہ حج 2020 کو موقوف نہیں بلکہ مختصر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دانشمندانہ فیصلہ ہے جوقابل ستائش ہے۔

  • Share this:
حج سے متعلق سعودی حکومت کا فیصلہ دانشمندانہ، حج کو مختصر کئے جانے کا اعلان قابل ستائش: مولانا ارشد مدنی
مولانا ارشد مدنی نے حج سے متعلق سعودی حکومت کے فیصلہ کو دانشمندانہ قرار دیا

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے خادم حرمین شریفین ملک سلمان بن عبدالعزیز کے ذریعہ حج 2020 کو موقوف نہیں بلکہ مختصر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دانشمندانہ فیصلہ ہے جوقابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس بات کو لے کر لوگوں کے ذہنوں میں یہ خدشات مسلسل پیدا ہورہے تھے کہ خدا نخواستہ کورونا جیسی مہلک وبا کے پیش نظر کہیں اس سال حج کو موقوف نہ کردیا جائے، لیکن اب جو یہ فیصلہ آیا ہے اس سے ہمیں بے انتہا خوشی ہوئی ہے کہ چند قیود کے ساتھ اس سال بھی حج ہوگا اور سعودی عرب میں پہلے سے مقیم مسلمانوں کو بھی یہ سعادت حاصل ہوسکتی ہے، خواہ ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ موجودہ حالات میں جب پوری دنیا اورخودسعودی عرب کورونا جیسی مہلک وبا میں مبتلا ہے اس سے بہتر کوئی دوسرا فیصلہ نہیں ہو سکتا تھا۔


سعودی حکومت کا فیصلہ قابل قدر

مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ کورونا کے مہلک ہونے اور اس بیماری کے عالمی وباء کی شکل اختیارکرنے کے بعد سوشل ڈسٹینسنگ کے قواعد نے بہت ساری چیزوں کو محدودکردیا ہے۔ ماہرین صحت نے لوگوں کو ایک جگہ جمع ہونے سے روک دیا ہے، جس کے بعد سعودی حکومت کو اس طرح کا فیصلہ کرنا پڑا، جو قابل قدرہے اور سعودی حکومت کے اس فیصلہ نے لوگوں کے دلوں میں اس سال کےحج کو لے کر پائے جانے والے خدشات کو بھی دورکردیا ہے۔ خود سعودی عرب اس مہلک وباء سے محفوظ نہیں ہے۔


سعودی حکومت نے حج 2020 کو مختصر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فائل فوٹو
سعودی حکومت نے حج 2020 کو مختصر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فائل فوٹو


واضح رہے کہ عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق 22جون تک سعودی عرب میں، جس کی آبادی 2018 کی مردم شماری کے مطابق 3 کروڑ 37 لاکھ ہے، اب تک ایک لاکھ 61 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں، جن میں سے 1307 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور دن بدن متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ اسلام کا یہ واضح پیغام ہےکہ بیماری سے نہ صرف خود بچیں بلکہ دوسروں کو بھی اس سے بچائیں اورآپ ﷺ کا فرمان ہے کہ اگر آپ کسی وباء والی بیماری کی جگہ پر ہیں تو وہاں سے نہ نکلیں اور بیماری والی جگہ سے دور ہیں تو وہاں ہرگز نہ جائیں اور چونکہ کورونا ایک عالمی وباء ہے اور اب تک اس کا کوئی علاج سامنے نہیں آیا ہے، احتیاطی تدبیر ہی اس کا واحد علاج ہے۔ ایسے میں سعودی حکومت کا یہ  فیصلہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
First published: Jun 24, 2020 08:10 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading