ہاتھا پائی، کرسیاں پھینکیں...، میئر الیکشن پر کیوں بھڑے اے اے پی اور بی جے پی کے کونسلرز
ہاتھا پائی، کرسیاں پھینکیں...، میئر الیکشن پر کیوں بھڑے اے اے پی اور بی جے پی کے کونسلرز
MCD Mayor Election: میئر اور ڈپٹی میئر الیکشن کیلئے مقرر پیٹھاسین افسر اور بی جے پی کی کونسلر ستیہ شرما نے کہا کہ ایم سی ڈی ایوان کی میٹنگ دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی ہے ۔ اگلی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گیا ۔
نئی دہلی : ایل جی وی کے سکسینہ کے ذریعہ مقرر کئے گئے 10 'ایلڈرمین' (نامزد کونسلر) کو پہلے حلف دلانے کو لے کر عام آدمی پارٹی کے کونسلروں کی شدید مخالفت کے درمیان نو منتخب دہلی میونسپل کارپوریشن کی پہلی میٹنگ اتوار کو میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے بغیر ہی ملتوی کردی گئی ۔ میئر اور ڈپٹی میئر الیکشن کیلئے مقرر پیٹھاسین افسر اور بی جے پی کی کونسلر ستیہ شرما نے کہا کہ ایم سی ڈی ایوان کی میٹنگ دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی ہے ۔ اگلی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گیا ۔
ایم سی ڈی ایوان میں 10 ایلڈرمین کو حلف دلانے کی کارروائی شروع کئے جانے کے ساتھ ہی ہنگامہ ہونے گا ۔ اے اے پی اور بی جے پی کے کونسلرز آپس میں بھڑ گئے۔ اے اے پی کے کئی ممبران اسمبلی اور کونسلر نعرے لگاتے ہوئے آسن کے قریب پہنچ گئے ۔ انہوں نے منتخب کونسلرز کی بجائے ایلڈرمین کو پہلے حلف دلانے کی مخالفت کی ۔ جواب میں بی جے پی کونسلروں نے اے اے پی اور اس کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے خلاف نعرے بازی شروع کردی ۔ ہنگامہ کے درمیان دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے اراکین پر ہاتھاپائی کا بھی الزام لگایا ۔ میٹنگ کی شروعات بی جے پی کونسلر ستیہ شرما کو ایم سی ڈی کے میئر اور ڈپٹی میئر عہدہ کے الیکشن کیلئے پیٹھاسین افسر کے طور پر حلف دلانے کے ساتھ ہوئی ۔ شرما کے ذریعہ ایلڈرمین منوج کمار کو حلف لینے کیلئے مدعو کئے جانے پر اے اے پی کے ممبران اسمبلی اور کونسلرز مخالفت کرنے لگے ۔ کئی ممبران اسمبلی اور کونسلرز نعرے لگاتے ہوئے ایوان میں آسن کے قریب پہنچ گئے ۔
اے اے پی کونسلرز کے پیٹھاسین افسر کی میز سمیت دیگر میز پر کھڑے ہوکر نعرے بازی کرنے کے درمیان حلف دلانے کی کارروائی روک دی گئی ۔ بی جے پی کے کونسلرز بھی میز کے آس پاس جمع ہوگئے ۔ اس دوران ان کے اور اے اے پی کونسلروں کے درمیان تیکھی زبانی جنگ دیکھنے کو ملی ۔ شرما نے پی ٹی آئی ۔ بھاشا کو بتایا کہ پہلے ایوان کی کارروائی ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کردی گئی تھی ۔ چار ایلڈرمین نے حلف لے لیا ۔ ہم جلد میٹنگ کریں گے اور باقی ایلڈرمین کو پہلے حلف دلایا جائے گا ۔
ایم سی ڈی میں 250 نو منتخب کونسلرز ہیں ۔ دہلی میں بی جے پی کے سات لوک سبھا اراکین اور اے اے پی کے تین راجیہ سبھا اراکین نیز دہلی اسمبلی کے اسپیکر کے ذریعہ نامزد 14 ممبران اسمبلی بھی میئر اور ڈیپٹی میئر عہدہ کیلئے ہونے والے الیکشن میں حصہ لیں گے ۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے چھ اراکین بھی منتخب کئے جائیں گے ۔ نو کونسلرز والی کانگریس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔