کشمیر کو لے کر بیان بازی کررہے پاکستان کو ہندوستان نے لگائی پھٹکار ، کہا : ہمارے اندرونی معاملات میں دخل نہ دیں

وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ ہندوستان کے داخلی معاملات کو لے کر پاکستانی قیادت کے حالیہ بیانات کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ، یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات ہیں۔

Aug 29, 2019 06:37 PM IST | Updated on: Aug 29, 2019 06:43 PM IST
کشمیر کو لے کر بیان بازی کررہے پاکستان کو ہندوستان نے لگائی پھٹکار ، کہا : ہمارے اندرونی معاملات میں دخل نہ دیں

کشمیر کو لے کر بیان بازی کررہے پاکستان کو ہندوستان نے لگائی پھٹکار

جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے ہٹائے جانے کے بعد سے ہی متنازع بیان بازی کررہے پاکستان کو ہندوستان نے کرارا جواب دیا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ ہندوستان کے داخلی معاملات کو لے کر پاکستانی قیادت کے حالیہ بیانات کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ، یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات ہیں۔

رویش کمار نے کہا کہ جو بھی بیانات اور ٹویٹ ان کے لیڈروں کی طرف سے کئے گئے ہیں ، ہم سخت الفاظ میں ان کی مذمت کرتے ہیں ۔ جو بھی بیانات ہیں وہ ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت ہے ۔ رویش نے کہا کہ اشتعال انگیز ٹویٹ کئے جارہے ہیں جو کہ ایک ماحول بنانے کی کوشش ہے اور حقیقت سے یہ بالکل الگ ہے ۔ پاکستان کو سمجھنا ہوگا کہ دنیا نے اس کی اس چال کو سمجھ لیا ہے اور ایسی بات سے کچھ ہونے والا نہیں ہے ۔

Loading...

پاکستان کی جانب سے کئے گئے میزائل ٹیسٹ پر رویش کمار نے کہا کہ ہمیں اس ٹیسٹ کے بارے میں معلوم تھا ... جو بھی میکانزم ہے دونوں ممالک کے درمیان ہمیں بتایا گیا تھا ۔ گجرات میں واقع کچھ میں دراندازی کی خبروں پر رویش نے کہا کہ کچھ کے علاقہ میں دراندازی کی خبروں پر متعلقہ سیکورٹی ایجنسیاں زیادہ بہتر بات کرسکیں گی ، لیکن ہماری فوج اور سیکورٹی ایجنسیاں کسی بھی سرگرمی سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں ۔

وزیر اعظم مودی کے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے پر رویش نے کہا کہ  آپ اسی وقت سفر کرسکتے ہیں جب آپ کو اس روٹ کے سبھی ممالک سے اجازت ہو اور ائیر اسپیس تو کھلا ہوا تھا ۔ جموں و کشمیر پر رویش نے کہا کہ ایک بھی واقعہ میں کسی بھی اسپتال نے دوا یا کسی بھی دیگر اشیا کی کمی کی اطلاع نہیں دی ہے ۔ ایک بھی جان نہیں گئی ، ایک بھی گولی نہیں چلائی گئی ، صورتحال میں رفتہ رفتہ لیکن مثبت بہتری آئی ہے ۔

Loading...