رانچی: جھارکھنڈ کے وزیر اقلیتی فلاح و بہبود حاجی حسین انصاری کو آج ان کے آبائی وطن مدھوپور کے پیپرا نامی مقام میں پرنم آنکھوں سے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد لحدکر دیا گیا۔ اس موقع پر جوانوں کے ذریعہ انہیں سلامی دی گئی۔ ان کی آخری دیدار اور نماز جنازہ میں لوگوں کا کی جم غفیر دیکھنے کو ملی۔ تجہیز و تکفین میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ آخری دیدارکے لئے ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین رانچی سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پیپرا پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کی۔ آخری دیدار کے موقع پر وزیر صحت بنا گپتا اور وزیر زراعت بادل پترلیکھ، کانگریس رکن اسمبلی پرتبھا پانڈے، سابق وزیر راج پلیوار کے علاوہ کثیر تعداد میں جے ایم ایم اورکانگریس سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں سے منسلک افراد شامل ہوئے۔
واضح رہے کہ ٧٣ سالہ وزیر حاجی حسین انصاری کا کل رانچی کے میدانتا اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا تھا۔ کورونا ثبت ہونے کے بعد گذشتہ ٢٣ ستمبر کو میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ دو دن قبل کورونا کی دوسرے ٹسٹ رپورٹ نیگیٹیو آئی تھی، لیکن پھیپھڑے میں انفکشن کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں پریشانی ہو رہی تھی۔ حاجی حسین انصاری شوگر اور دیگر امراض میں بھی مبتلا تھے۔ ڈاکٹروں کی لاکھ کوششوں کے باوجود حاجی حسین کو نہیں بچایا جا سکا۔ ان کے انتقال سے پورے ریاست میں غم کا ماحول ہے۔ انتقال کے بعد حسین انصاری کے جسد خاکی کو رانچی سے مدھوپور واقع ان کے رہائش گاہ لایا گیا، جہاں لوگوں کے دیدار کے لئے رکھا گیا پھر اس کے بعد جسد خاکی کو ان کے آبائی وطن پیپرا لایا گیا، جہاں آج بعد نماز ظہر مقامی قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ اور حکومت کے کووڈ-19 کے گائیڈ لائن کے مطابق سپرد خاک کیا گیا۔

جھارکھنڈ کے وزیر اقلیتی فلاح و بہبود حاجی حسین انصاری کی آخری دیدارکے لئے ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین رانچی سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پیپرا پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کی۔
جھارکھنڈ حکومت نے وزیر حاجی حسین انصاری کے انتقال کے پیش نظر ٤ اور ٥ اکتوبر یعنی دو دنوں کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ جے ایم ایم سربراہ شیبو سورین کے بے حد قریبی مانے جانے والے حاجی حسین انصاری مدھو پور اسمبلی حلقہ سے سال ١٩٩٥ ۔ ٢٠٠٠ ۔ ٢٠١٥ اور ٢٠١٩ میں یعنی چار بار رکن اسمبلی منتخب کئے گئے۔ حاجی حسین انصاری کو ریاست کا پہلا مسلم وزیر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ جھارکھنڈ حکومت میں چار بار وزیر بنائے گئے۔ سال ٢٠٠٤ میں حزب اختلاف کے لیڈر بھی رہے۔ جھارکھنڈ حج کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی انہوں نے اپنی خدمات پیش کی۔ جے ایم ایم کے قدآور لیڈروں میں شمار حاجی حسین انصاری کو اسلامی شناخت کے ساتھ بے داغ سیاست کرنے کا شرف حاصل ہے۔ حسین انصاری بلاتفریق مذہب و ملت لوگوں کی مدد کی کوشش کرتے تھے۔ نرم گفتار اور شفاف کردار کے مالک حاجی حسین انصاری تمام مذہب و ملت کے لوگوں میں مقبول تھے اور عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ وہ ہر دل عزیز لیڈر تھے۔ ان کے اچانک انتقال سے ریاست میں رنج و غم کا ماحول ہے۔ بالخصوص مسلم طبقہ بے حد مغموم ہے۔ نیوز 18 اردو کی ٹیم کی بھی اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان کی مغفرت کریں اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کریں۔ آمین۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔