ہوم » نیوز » No Category

تبلیغی جماعت کے اراکین کی تعریف کے بعد تنازعہ میں گھرنے والے آئی اے ایس افسر محمد محسن کو حکومت نے سونپی نئی ذمہ داری

محمد محسن حالیہ دنوں میں دو بڑے تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں رہے ہیں۔ پچھلے سال، لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران اڑیسہ کے سنبھل پور میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر کی چیکنگ کرنے پر انہیں الیکشن کمیشن کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • Share this:
تبلیغی جماعت کے اراکین کی تعریف کے بعد تنازعہ میں گھرنے والے آئی اے ایس افسر محمد محسن کو حکومت نے سونپی نئی ذمہ داری
تبلیغی جماعت کے اراکین کی تعریف کے بعد تنازعہ میں گھرنے والے آئی اے ایس افسر محمد محسن کیلئے راحت کی خبر

بنگلور: تبلیغی جماعت کے ارکان کی تعریف کرنے کے بعد سرخیوں میں آنے والے آئی اے ایس افسر محمد محسن کو کرناٹک حکومت نے اب نئی ذمہ داری پر فائزکیا ہے۔ محمد محسن کو ریونیو ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ بنگلورو کے ایم ایس بلڈنگ میں اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ لینے کے بعد محمد محسن نے نیوز 18 اردو سے خاص بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو میں انہیں متاثرہ خاندانوں کی باز آباد کاری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو عوام کیلئے  کافی اہمیت رکھتی ہے۔


واضح رہے کہ محمد محسن حالیہ دنوں میں دو بڑے تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں رہے ہیں۔ پچھلے سال، لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران اڑیسہ کے سنبھل پور میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر کی چیکنگ کرنے پر انہیں الیکشن کمیشن کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سنبھل پور میں محمد محسن الیکشن آبزرور کے طور پر معمور تھے۔ پی ایم مودی کے ہیلی کاپٹر کی چیکنگ کا معاملہ تنازعہ کا سبب بنا اور الیکشن کمیشن نے انہیں  انتخابات کی ذمہ داری سے معطل کردیا۔حال ہی میں محمد محسن ایک بار پھر اس وقت تنازعہ میں گھرے جب انہیں ریاستی حکومت نے تبلیغی جماعت کے ارکان کی تعریف کرنے پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔


تبلیغی جماعت کے اراکین کی تعریف کرنے کے بعد سرخیوں میں آنے والے آئی اے ایس افسر محمد محسن کو کرناٹک کی بی ایس یدی یورپا حکومت نے اب نئی ذمہ داری پر فائزکیا ہے۔ فائل فوٹو
تبلیغی جماعت کے اراکین کی تعریف کرنے کے بعد سرخیوں میں آنے والے آئی اے ایس افسر محمد محسن کو کرناٹک کی بی ایس یدی یورپا حکومت نے اب نئی ذمہ داری پر فائزکیا ہے۔ فائل فوٹو


کورونا بیماری سے صحتیاب ہو کر پلا زمہ کا عطیہ دینے والے تبلیغی جماعت کے ارکان کو محمد محسن نے اپنے ایک ٹویٹ میں ہیرو قرار دیا تھا۔ اس پر ریاستی حکومت نے انہیں وجہ بتاو نوٹس جاری کیا۔ محمد محسن نے کہا کہ انہوں نے مقررہ وقت کے اندر اس نوٹس کا جواب دیا ہے۔ اس تنازعہ کے بعد محمد محسن کیلئے راحت کی بات یہ ہے کہ ریاستی حکومت نے انہیں نئی ذمہ داری سونپی ہے۔ محمد محسن نے کہا کہ ریوینیو ڈپارٹمنٹ میں ایک پرنسپل سیکرٹری اور دو سکریٹری کے عہدے موجود ہیں۔ انہیں محکمہ ریونیو کی بازآباد کاری کے شعبہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

محمد محسن نے کہا کہ ریلوے، روڈ، آبپاشی منصوبوں کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے بعد متاثرین کی بازآبادکاری، معاوضہ کی ادائیگی اور راحت کے دیگر کاموں کو انجام دینا ان کی نئی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اس وقت کرناٹک میں باز آباد کاری کے 8 بڑے پروجیکٹ جاری ہیں، جن میں سیلاب متاثرین کی بازآبادکاری کا پروگرام بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان پر بھروسہ کرتے ہوئے، عوام کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے اور وہ اس نئی ذمہ داری کو بخوبی انجام دینے کی کوشش کرین گے۔ 1996 بیچ کے آئی اے ایس افسر محمد محسن مختلف عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ بیجاپور اور گدگ کے ڈپٹی کمشنر، محکمہ تعلیم کے کمشنر، پسماندہ طبقات اور اقلیتی فلاح و بہبودی محکمہ کے سکریٹری اور چند دیگر عہدوں پر انہیں خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔ اب محکمہ پسماندہ طبقات سے محکمہ ریوینیو میں ان کا تبادلہ کرتے ہوئے حکومت نے انہیں بازآبادکاری کے کاموں کی ذمہ داری سونپی ہے۔ محمد محسن نے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
First published: Jun 19, 2020 05:16 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading