உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    Bihar: نتیش کابینہ سے مکیش سہنی برخاست، وزیر اعلیٰ کی سفارش پر گورنر نے ہٹایا

    نتیش کابینہ سے مکیش سہنی برخاست

    نتیش کابینہ سے مکیش سہنی برخاست

    وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے صدر مکیش سہنی وزیر کے عہدے سے برخاست کردیئے گئے ہیں۔ اتوار کی شام کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار (Nitish Kumar) نے مکیش سہنی (Mukesh Sahni) کو وزارت سے ہٹانے کی سفارش کی تھی۔

    • Share this:
      پٹنہ: وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے صدر مکیش سہنی وزیر کے عہدے سے برخاست کردیئے گئے ہیں۔ اتوار کی شام کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار (Nitish Kumar) نے مکیش سہنی (Mukesh Sahni) کو وزارت سے ہٹانے کی سفارش کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے گورنر فاگو چوہان سے حیوانات اور مویشی پروری کے وزیر مکیش سہنی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد مکیش سہنی کی نتیش حکومت کی کابینہ سے چھٹی کردی گئی ہے۔

      واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کی شام کو مکیش سہنی کے سبھی اراکین اسمبلی نے ان کا ساتھ چھوڑ کر بی جے پی کا دامن تھام لیا تھا۔ وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے تینوں اراکین اسمبلی راجو سنگھ، سورنا سنگھ اور مشری لال یادو نے پارٹی تبدیل کرنے کے قانون کے تحت پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے اور اسمبلی میں وی آئی پی کا انضمام بی جے پی میں کرانے کا خط اسمبلی اسپیکر وجے سنہا کو سونپا تھا۔



      اپنے اراکین اسمبلی کے پارٹی چھوڑنے کے بعد مکیش سہنی اکیلے پڑگئے تھے، جس کے بعد اتحادی بی جے پی کے ذریعہ انہیں کابینہ سے ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر مکیش سہنی نے کہا تھا کہ یہ وزیر اعلیٰ پر منحصر کرتا ہے کہ وہ انہیں وزیر بنائے رکھتے ہیں یا پھر ہٹاتے ہیں۔

      یہ بھی پڑھیں۔

      کشمیر موضوع پر محبوبہ مفتی کو مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے دیا جواب

      بہار اسمبلی انتخابات میں VIP کے ٹکٹ پر جیتے تھے 4 امیدوار

      اکتوبر-نومبر 2020 میں ہوئے بہار اسمبلی انتخابات میں وی آئی پی کے ٹکٹ پر چار امیدوار جیت کر اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ گزشتہ دنوں مظفر پور کے بوچہاں سیٹ سے وی آئی پی کے رکن اسمبلی مسافر پاسوان کا انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد یہ سیٹ خالی ہوگئی تھی۔ یہاں ہونے والے ضمنی انتخابات کو لے کر بی جے پی اور مکیش سہنی کے درمیان ٹھن گئی تھی۔

      وی آئی پی کے صدر مکیش سہنی نے اس پر اپنا دعویٰ کرتے ہوئے یہاں سے اپنا امیدوار اتارنے کی بات کہی تھی۔ وہیں، بی جے پی کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے کوٹے سے یہ سیٹ وی آئی پی کو دی تھی، اس لحاظ سے اب وہ یہاں اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ وہیں دوسری طرف مکیش سہنی نے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد کی تعریف کی ہے، تاہم لالو پرساد یادو کی اہلیہ رابڑی دیوی نے اشاروں میں کہا ہے کہ ان کے لئے پارٹی کے دروازے بند ہیں۔

       
      Published by:Nisar Ahmad
      First published: