نئی دہلی: کرناٹک (Karnataka) کے بنگلورو (Bengaluru) میں فرقہ وارانہ آہنگی کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ وہاں رہنے والے ایک مسلم شخص نے بڑے ہنومان مندر (Hanuman Mandir) کی تعمیر کے لئفے اپنی مرضی سے زمین عطیہ کی ہے۔ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ اس زمین کی قیمت کروڑوں روپئے میں ہے۔ دراصل اس شخص نے دیکھا تھا کہ چھوٹے ہنومان مندر میں لوگوں کو پوجا کرنے میں پریشانی ہوتی تھی۔ وہاں پوجا کرنے کے لئے بھکتوں کی بھیڑ لگی رہتی تھی۔ اس لئے انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔ مندر کے لئے عطیہ کرنے والے مسلم شخص کا نام ایچ ایم جی باشا ہے۔
65 سال کے باشا کارگور کا کاروبار کرتے ہیں۔ وہ بنگلور کے کاڈوگوڈی علاقے میں رہتے ہیں۔ ان کے پاس بنگلور کے ہی مائلہ پورا علاقے میں تقریباً 3 ایکڑ بڑی زمین ہے۔ اس زمین کی قیمت آج کے وقت میں کروڑوں روپئے ہے۔ ان کی اسی زمین کے بغل میں ایک پراچین مندر ہے۔ لوگوں کی اس مندر میں اٹوٹ عقیدت ہے، اس لئے وہاں روزانہ بڑی تعداد میں بھکت (عقیدتمند) آکر بھگوان ہنومان کی پوجا کرتے ہیں۔
مندر چھوٹا ہونے کے سبب عقیدتمندوں کو پریشانی ہوتی ہے۔ مندر کمیٹی نے بھی پہلے مندر کی توسیع کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن اس کے پاس زمین نہیں تھی۔ بغل میں باشا کی جو زمین تھی، اس کے لئے مندر کمیٹی ان سے بات کرنے سے کترا رہی تھی۔ اس کے بعد حال ہی میں باشا نے ایک دن مندر میں دیکھا کہ عقیدتمند بہت ہی چھوٹی جگہ پر پوجا کرتے ہیں۔ انہوں نے سوچا کہ اس سے عقیدتمندوں کو کافی پریشانی ہوتی ہوگی۔ ایسے میں وہ خود آگے آئے اور مندر کمیٹی سے زمین عطیہ کرنے کی بات کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق، یہ زمین اولڈ مدراس روڈ پر مین سڑک (اہم شاہراہ) پر واقع ہے۔ اب ان کے اس کام کی تعریف وہاں ہر کوئی کر رہا ہے۔ ان کی تعریف کرنے اور شکریہ ادا کرنے کے لئے لوگوں نے مندر کے آس پاس ان کے پوسٹر اور بینر بھی لگائے ہیں۔ اب مندر کا تعمیری کام بھی شروع ہوگیا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔