ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

مدھیہ پردیش میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے لئے ہوں گی نئی تقرریاں

مدھیہ پردیش میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر شیوپوری ، گوالیار، سرونج اور بھوپال کے کچھ حصے میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور صوبہ کے دوسرے اضلاع میں بھی کرائسس مینجمنٹ کمیٹی لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور کر رہی ہے ۔

  • Share this:
مدھیہ پردیش میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے لئے ہوں گی نئی تقرریاں
مدھیہ پردیش میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے لئے ہوں گی نئی تقرریاں

مدھیہ پردیش حکومت نے صوبہ سے کورونا کی وبائی بیماری کو ختم کرنے کے لئے اپنی مہم کو اور تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صوبہ کے نئے وزیر صحت پربھو رام چھودھری نے اپنی وزارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نہ صرف افسران کے ساتھ صوبہ میں کورونا کی بیماری کو لیکر تفصیلی رپورٹ حاصل کی ، بلکہ افسران کو نئی تقرری کی بھی ہدایت دی ۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر شیوپوری ، گوالیار، سرونج اور بھوپال کے کچھ حصے میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور صوبہ کے دوسرے اضلاع میں بھی کرائسس مینجمنٹ کمیٹی لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور کر رہی ہے ۔ صوبہ میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر انیس ہزار کے پار ہوگئی ہے۔ جبکہ کورونا کی وبائی بیماری سے ابتک  چھ سو پینسٹھ لوگوں کی موت ہوچکی ہے وہیں کورونا کی وبائی بیماری کو شکست دیکر صوبہ میں ابتک تیرہ ہزار ایک سو چوہتر مریض اسپتال سے اپنے گھر جا چکے ہیں ۔


مدھیہ پردیش کے سابق وزیر صحت ڈاکٹر نروتم مشرا نے صوبہ سے کورونا کی وبائی بیماری کو ختم کرنے  کے لئے صوبائی سطح پر کل کورونا کے نام سے مہم شروع کی تھی ۔ مہم کے تحت صوبائی سطح پر گھر گھر ہیلتھ سروے کیا جانا تھا ۔ پورے صوبہ میں سروے کے لئے گیارہ ہزار چارسو ستاسی لوگوں کی ٹیم بھی تیار کی گئی ، جس کے ذریعہ سروے کا کام جاری ہے۔


مدھیہ پردیش کے نئے وزیر صحت پربھورام چودھری نے عہدہ سنبھالتے ہی افسران کو نہ صرف کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ، بلکہ صوبہ میں ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تقرری کرنے کا بھی حکم جاری کیا ۔ پربھو رام چودھری نے صوبہ کے سترہ اضلاع میں ایک ماہ کے اندر دس بیڈ کا آئی سی یو تیار کرنے کے  ساتھ اکتیس اگست تک بارہ ہزار بیڈ پر آکسیجن پائپ لائن لگانے کے کام کو بھی مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر صحت پربھو رام چودھری نے اسپتالوں میں ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خالی اسامیوں کو جلد سے جلد بھرنے اور ضرورت کے مطابق نئی تقرریاں کرنے کی بھی ہدایت دی ۔


پربھو رام چودھری کہتے ہیں کہ سابقہ حکومت نے صحت کے انفرااسٹرکچر کو پوری طرح سے تباہ کردیا تھا ۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں ہر کام کو نئے سرے سے کرنا پڑرہا ہے ۔ اگر کمل ناتھ حکومت نے اقتدار کے نشے سے باہر نکل کر صحت اور مفاد عامہ کے لئے کام کیا ہوتا ، تو آج مدھیہ پردیش میں کورونا کی صورتحال اتنی تشویشناک نہیں ہوتی ۔ ہم کوشش کر رہے ہیں اور اسپتالوں میں آئی سی یو کی تعداد بڑھانے کے ساتھ آکسیجن کی پائپ لائن بچھانے اور مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرنے کی سمت میں قدم اٹھایا ہے۔ بہت جلد ہم کورونا پرقابو پالیں گے ۔

وہیں مدھیہ پردیش کے سینئر کانگریس لیڈر وسابق وزیر قانون پی سی شرما کہتے ہیں کہ ان کی باتیں صرف باتیں ہیں ، عمل کب ہوتا ہے ۔ مارچ سے اب تک مختلف اضلاع میں ڈاکٹرس ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرس کی جو تقرری کی گئی تھی ، شیوراج سرکار نے آج تک ان کی تنخواہ نہیں ادا کی ہے ۔ آیوش کے ڈاکٹروں نے اپنی تنخواہ کا مطالبہ کیا تو انہیں سسپنڈ کردیا گیا ۔ کورونا کی وبائی بیماری کو کنٹرول کرنے میں جو لوگ بنیادی کام کررہے ہیں ، جب یہ حکومت ان کو تنخواہ ادا کرنے کی بجائے ان پر جبر کر رہی ہے ، تو پھر کورونا کو کون لوگ کنٹرول کریں گے ۔ حکومت اس کا جواب دیدے ۔

پی سی شرما کہتے ہیں کہ کورونا باتوں سے نہیں بلکہ کام کرنے سے دور ہوگا ۔ سرکار کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے ۔ ٹیسٹنگ کی تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا ۔ جن ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا پہلے تقرر کیا گیا تھا ، انہیں ان کی تنخواہ وقت پر ادا کرنی ہوگی تب کہیں کچھ کام ہو سکتا ہے۔ ہم سرکار کے عوام مخالف کام کو لے کر عوام کی عدالت میں جا رہے ہیں ۔ عوام پیسوں سے پیسوں کے لئے کام کرنے والی سرکار کا منھ توڑ جواب دیں گے ۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حکومت نے صوبہ میں بازار، شاپنگ مال کو کھولنے کی تو پوری طرح سے سوشل ڈسٹنس کی بنیاد پر اجازت دی ہے ، لیکن عبادت گاہوں پر پانچ لوگوں سے زیادہ کے داخلہ پر کورونا کے بڑھتے قہر کے سبب روک لگا رکھی ہے ۔ ایسے میں عوام کی ناراضگی حکومت کی جانب بڑھتی جا رہی ہے اور صوبہ میں اسمبلی کی پچیس سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حکومت کو عوام کی اس ناراضگی کا بھی خمیازہ بھگتنا پڑسکتا ہے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 14, 2020 11:37 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading