ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

کابینہ میں توسیع اورتشکیل نو کےبعدآج پہلی بارہوگی کابینی میٹنگ،ان وزراءنےسنبھالی ذمہ داری

سرکاری ذرائع کے مطابق کابینہ کا اجلاس آج شام 5 بجے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت ہوگا۔ اس کے بعد سات بجے وزرا کی کونسل کا اجلاس ہوگا۔

  • Share this:
کابینہ میں توسیع اورتشکیل نو کےبعدآج پہلی بارہوگی کابینی میٹنگ،ان وزراءنےسنبھالی ذمہ داری
وزیر اعظم مودی نے تقسیم کیا قلمدان، امت شاہ کو منسٹری آف کو آپریشن کا چارج، دھرمیندر پردھان ہوں گے وزیر تعلیم

مودی کابینہ میں پہلی توسیع اور تنظیم نو کے بعد نئی کابینہ اور وزراء کی کونسل کی پہلی میٹنگ آج شام ہوگی۔سرکاری ذرائع کے مطابق کابینہ کا اجلاس آج شام 5 بجے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت ہوگا۔ اس کے بعد سات بجے وزرا کی کونسل کا اجلاس ہوگا۔ وزرا ء کی کونسل کے اجلاس میں تمام کابینہ اور وزراء مملکت شریک ہیں۔قابل ذکر ہے کہ پہلے سے طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق کابینہ کا اجلاس بدھ کی صبح 11 بجے ہونا تھا ، لیکن کابینہ میں توسیع اور تنظیم نو کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا ۔بدھ کی شام 43 نئے وزرا نے حلف لیا ، جن میں 15 کابینہ کے وزیر اور 28 وزیر مملکت شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ میں وزرا کی تعداد 77 ہوگئی ہے۔کابینہ میں توسیع کے بعد ، مسٹر مودی نے ٹوئیٹ کیا اور نئے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی میعاد کے لئے نیک خواہشات ب پیش کی ۔



ریلوے کے نئے وزیر اشونی وشنو نے آج وزارت ریلوے کا چارج سنبھالتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسانوں ، غریبوں اور عام لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے کام کریں گے۔مسٹر وشنو صبح 9.30 بجے کے قریب ریل بھون پہنچے ، جہاں ان کا استقبال سنیت شرما ، چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ، ریلوے بورڈ اور دیگر سینئر افسران نے کیا۔چارج سنبھالنے کے بعد ،مسٹر وشنو نے ریلوے بورڈ کے عہدیداروں سے ایک میٹنگ کی اور محکمہ کے بارے میں استفسار کیا۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کا ایک اہم حصہ ہے۔ ان کے وژن کا مقصد ریلوے کی ترقی کے ذریعے عام آدمی ، کسان اور غریب کی زندگیوں میں تبدیلی اور فائدہ لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وژن کو زمین پر اتارنے کے لئے کام کریں گے۔


نئے وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ سنگھ ٹھاکر نے آج صبح اپنی نئی ذمہ داری سنبھالی۔مسٹڑ ٹھاکر صبح 9.30 بجے شاستری بھون میں وزارت اطلاعات و نشریات پہنچے جہاں ان کا محکمہ سکریٹری امیت کھرے نے استقبال کیا۔اس موقع پر وزارت کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کی ترقی کے لئے پچھلے سات سالوں میں زبردست کام کیا ہے۔ وہ وزارت اطلاعات و نشریات میں وزیر اعظم کی طرف سے دی گئی ذمہ داری اور توقع کے مطابق پوری کرنے کی کوشش کریں گے

جی کشن ریڈی نے آج وزیر سیاحت وثقافت کے طورپر ذمہ داری سنبھال لی۔گذشتہ روز مودی کابینہ میں ہوئے ردوبدل میں ان کا درجہ بڑھایاگیا تھا۔پہلی مرتبہ مودی کابینہ میں مملکتی وزیرداخلہ بنائے جانے کے تقریبا 25ماہ اور7دنوں کے بعد حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے جی کشن ریڈی کے عہدہ کو گذشتہ روز ہوئی کابینی توسیع میں بڑھایاگیا تھا۔


آج قومی دارالحکومت نئی دہلی کے ٹرانسپورٹ بھون میں ارکان خاندان کی موجودگی میں ان کے نئی ذمہ داری سنبھالنے کے سلسلہ میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں مرکزی مملکتی وزیرسیاحت اجئے بھٹ،مرکزی مملکتی وزیر ثقافت شری پدنائک،میناکشی لیکھی اور لیڈران موجود تھے۔جی کشن ریڈی، پارلیمنٹ میں حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی نمائندگی کرتے ہیں۔تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ مودی کابینہ میں ریاست سے تعلق رکھنے والے کسی وزیرکو مکمل قلمدان دیاگیا ہے۔
Published by: Mirzaghani Baig
First published: Jul 08, 2021 01:02 PM IST