پی چدمبرم کی مشکلات اب بھی برقرار، سپریم کورٹ میں دوسری کوشش ناکام، اب کل ہوگی معاملے کی سماعت

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم کی مشکلیں کم ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ) نے آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ معاملہ میں چدمبرم کے خلاف بدھ کو لک آؤٹ نوٹس جاری کیا۔

Aug 21, 2019 01:22 PM IST | Updated on: Aug 21, 2019 04:50 PM IST
پی چدمبرم کی مشکلات اب بھی برقرار، سپریم کورٹ میں دوسری کوشش ناکام، اب کل ہوگی معاملے کی سماعت

چدمبرم کی عبوری راحت حاصل کرنے کی دوسری کوشش بھی ناکام

عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کے بابری مسجد-رام جنم بھومی تنازع کی سماعت میں مصروف ہونے کےسبب سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو عبوری ضمانت سے متعلق معاملہ میں فی الحال راحت نہیں مل سکی ہے۔ گرفتاری سے بچنے کی کوشش کررہے سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کی عبوری راحت حاصل کرنے کی دوسری کوشش بھی آج ناکام ہوگئی۔ پی  چدمبرم کےوکیلوں کی کوشش کے باوجودعبوری ضمانت کی ان کی عرضی کوخصوصی غورکرنےلئےدرج نہیں کرایا جاسکا۔

سینئر وکیل کپل سبل نے جسٹس این وی رمن کی صدارت والی بنچ کے سامنے لنچ کے بعد دوبارہ معاملے کا خصوصی ذکر کیا لیکن جسٹس رمن نے کہا کہ سپریم کورٹ رجسٹری کو عرضی میں خامیاں نظر آتی ہیں۔ کپل  سبل نے دلیل دی کہ خامیوں کو درست کردیا گیا ہے۔ اس پر جسٹس رمن نے رجسٹرارکوعدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ رجسٹرارنےبنچ کوبتایا کہ عرضی کی خامیوں کولنچ کےبعدہی ٹھیک کیا جاسکا ہے۔

اس سے قبل چدمبرم کے وکیل کپل سبل نے جسٹس این وی رمن کی بینچ کے سامنے معاملہ کو پیش کیا لیکن انہوں نے اس بابت کوئی فیصلہ دینے سے انکار کرتے ہوئے متعلقہ معاملہ چیف جسٹس کے پاس بھیج دیا۔ جسٹس رمن نے اس درمیان  پی چدمبرم کو گرفتاری سے عبوری راحت دینے سے بھی انکار کردیا۔ اس کے بعد کپل سبل نے چیف جسٹس کی بنچ کی جانب رخ کیا لیکن وہاں بابری مسجد-رام جنم بھومی تنازع کی سماعت شروع ہوچکی تھی، اس لئے سابق مرکز وزیر کی عرضی پر سماعت نہیں ہو سکی۔

Loading...

وہیں، دوسری طرف، ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ) نے آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ معاملہ میں چدمبرم کے خلاف بدھ کو لک آؤٹ نوٹس جاری کیا۔ خیال رہے دہلی ہائی کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں چدمبرم کی پیشگی ضمانت کی عرضی منگل کو مسترد کر دی تھی۔ درخواست مسترد ہونے کے بعد ای ڈی اور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی ٹیمیں چدمبرم کی نئی دہلی کے جورباغ علاقہ میں واقع رہائش گاہ پر گئی تھیں مگر وہ گھر میں موجود نہیں تھے۔

ای ڈی کے حکام نے کہا ہے کہ منگل کو دہلی ہائی کورٹ نے چدمبرم کی پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ لک آؤٹ نوٹس کے سلسلہ میں حکام نے کہا کہ یہ قدم احتیاط کے طور پر اٹھایا گیا ہے کیونکہ فی الحال چدمبرم کہاں ہیں اس کی جانکاری نہیں ہے۔ تفتیشی ایجنسی نے کہا کہ آئی این ایکس میڈیا معاملہ کی جانچ کو آگے بڑھانے کے لئے چدمبرم کی اس کے سامنے موجودگی ضروری ہے۔

Loading...