گورکھپور : گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں بچوں کی موت کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ گزشتہ روز مزید 16 بچوں کی موت ہوگئی ۔ اس طرح صرف اگست کے ماہ میں مرنے والوں کی تعداد 415 ہوگئی ہے۔ کالج انتظامیہ کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق جمعرات کو 16 بچوں کی موت ہوئی ، جن میں سے ایک بچہ کی موت انسیفلائٹس کی وجہ سے ہوئی جبکہ باقی بچوں کی موت دیگر وجوہات کی بنیاد پر ہوئی ۔
سال رواں آٹھ مہینوں میں اب تک مجموعی طور پر 1375 بچوں کی موت ہوچکی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سال جنوری مہینے میں 152 ، فروری میں 122 ، مارچ میں 159 ، اپریل میں 123 ، مئی میں 139 ، جون میں 137 ، جولائی میں 128 اور اگست میں 415 بچوں کی موت ہوئی ہے۔
کالج کے ڈاکٹروں کے مطابق سب سے زیادہ اموات انسیفلائٹس کی وجہ سے ہوتی ہیں ۔ اس کے علاوہ ڈائریا ، پیلیا اور نمونیہ کی وجہ سے بھی بچوں کی اموات ہوتی ہیں جبکہ کچھ بچوں کی پھیپھڑوں کی بیماری کی وجہ سے بھی موت ہوجاتی ہے ۔ ادھر کالج کے پرنسپل پی کے سنگھ کا کہناہے کہ یہاں جن بچوں کو داخل کرایا جاتا ہے انہیں حالت کافی سنگین ہوتی ہے ، جس کی وجہ سے انہیں بچانا کافی مشکل ہوجاتا ہے۔
خیال رہے کہ 7 اگست سے 11 اگست کے درمیان آکسیجن سپلائی ٹھپ ہوجانے کی وجہ سے 60 بچوں کی موت ہوگئی تھی ، جس کی چوطرفہ تنقید کی گئی تھی اور یوگی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چوطرفہ تنقید کے بعد ہوئی جانچ میں کالج کے سابق پرنسپل ڈاکٹر راجیو مشرا سمیت 9 لوگوں کو قصوروار پایا گیا تھا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی ۔ ڈاکٹر مشرا اور ان کی اہلیہ فی الحال جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔