عام آدمی پارٹی نے این سی پی سربراہ شرد پوار کے ذریعہ کانگریس کو ایک تجویز بھجوائی ہے۔ پارٹی نے اس تجویز میں کانگریس کے ساتھ تین ریاستوں (دہلی، پنجاب اورہریانہ) میں لوک سبھا الیکشن میں سیٹوں کی تقسیم کی بات کہی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ اس تجویز کے ذریعہ عام آدمی پارٹی نے کانگریس کے ساتھ سیٹوں کے اتحاد کا ایک فارمولہ بھی دیا ہے۔
اس فارمولے میں دہلی کی کل 7 سیٹوں میں سے کانگریس کو دو سیٹ اورعام آدمی پارٹی کو پانچ سیٹوں کی تجویز ہے۔ جبکہ پنجاب کی کل 13 سیٹوں میں سے کانگریس کو 10 اورعام آدمی پارٹی کو تین سیٹ اورہریانہ میں عام آدمی پارٹی نے 12 سیٹوں میں سے دو سیٹ اپنے لئے، 4 سیٹ جے جے پی کے لئے اور4 سیٹ کانگریس کے لئے دینے کی بات کہی ہے۔
واضح رہے کہ آئندہ لوک سبھا الیکشن میں عام آدمی پارٹی سے اتحاد کو لے کر حال ہی میں کانگریس کے اندررسہ کشی تیز ہوگئی تھی۔ وہیں اتحاد پرکانگریس کے دہلی انچارج پی سی چاکو کا کہنا تھا کہ پارٹی کے بیشترلیڈر اتحاد کے حق میں ہیں اوران کا خیال ہے کہ اتحاد بی جے پی کو شکست دینے میں معاون ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا "ہمارے صدر راہل گاندھی کچھ دنوں میں فیصلہ لیں گے۔ ورکنگ کمیٹی کے ذریعہ مقرر کی گئی ہماری پارٹی کی حکمت عملی بی جے پی کو شکست دینے والی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ دہلی کے لیڈربھی کانگریس کی اس حکمت عملی کوقبول کریں گے"۔
حالانکہ اب اس موضوع کو لےکر کانگریس منقسم نظرآرہی ہے۔ کئی لیڈر مانتے ہیں کہ پلوامہ حملے کے بعد نریندرمودی حکومت نے جو ایئراسٹرائیک کی، اس کے سبب بی جے پی کو سبقت ملی ہے، جس کا سامنا کرنے کے لئے اتحاد ضروری ہے۔ حالانکہ شیلادکشت گروپ اگر اتحاد کے لئے راضی نہیں ہوتا ہے تو پھریہ شاید ممکن نہیں ہے کیونکہ دہلی کانگریس شیلادکشت کی آواز میں ہی آواز ملائے گی۔
دہلی کانگریس کے ایک سینئرلیڈر کے الفاظ میں "ہمیں نہیں لگتا کہ ہمارے لئے بی جے پی اور دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی سے لڑنا آسان ہوگا۔ ہمارے لئے چیزیں اورہوں گی کیونکہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کی بنیاد مساوی ہے، جو الیکشن میں تقسیم ہوجائیں گے"۔
رچنا کی رپورٹ سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔