ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

بی جے پی سی اے اے اور این آر سی کے نام پر عوام میں خوف پیدا کررہی ہے: اکھلیش یادو

این آر سی،این پی آر، سی اے اے کی مخالفت میں پارٹی ہیڈکوارٹر سے ودھان بھون تک پارٹی اراکین اسمبلی کی سائیکل ریلی کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد یادو نے کہا کہ بی جے پی مذہب کی بنیاد پر شہریت دینا چاہتی ہے جوکہ آئین کے خلاف ہے۔

  • UNI
  • Last Updated: Dec 31, 2019 06:23 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu

لکھنؤ۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے منگل کو بی جے پی پر منھ بھرائی کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ایسا صرف الیکشن جیتنے کے لئے کر رہی ہے۔ این آر سی، این پی آر اور سی اے اے کی مخالفت میں پارٹی ہیڈکوارٹر سے ودھان بھون تک پارٹی اراکین اسمبلی کی سائیکل ریلی کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد یادو نے کہا کہ بی جے پی مذہب کی بنیاد پر شہریت دینا چاہتی ہے جوکہ آئین کے خلاف ہے۔ پارٹی سی اے اے، این آرسی، این پی آر کی سخت مخالف ہے اور مرکز کے ان اقدامات کے خلاف پارٹی کی مخالفت جاری رہے گی۔

سابق وزیر اعلی نے مزید کہا کہ شمال مشرق اور آسام کے شہری بھی اس قانون سے ناخوش ہیں۔ اکھلیش یادو نے دعوی کیا کہ بی جے پی سی اے اے اور این آر سی کے نام پر ملک کے عوام میں خوف پیدا کررہی ہے۔ ایس پی سربراہ نے این پی آر شروع کرنے کے فیصلے پر بھی حکومت کی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سبھی شہریوں کی تمام تفصیلات پہلے سے ہی آدھار کارڈ میں موجود ہیں باوجود اس کے این پی آر کی کیا ضرورت ہے۔



ایس پی سربراہ نے ملک کی معیشت میں ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے مؤثر اقدام کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک کا بینکنگ سیکٹر پوری طرح سے منہدم ہوگیا ہےاور نوٹ بندی نے ملک کی معیشت کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ چونکہ حکومت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ملکی معیشت کو اٹھانے میں ناکام رہی ہے اس لئے وہ سی اے اے، این آر سی، این پی آر میں الجھا کر حقیقی مسائل سے عوام کا دھیان بھٹکانا چاہتی ہے۔
ریلی کے دوران سماج وادی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے اپنی گردن میں پلے کارڈ لٹکا کر ودھان بھون پہنچنے کے لئے ایک کلومیٹر کی مسافت سائیکل کے ذریعہ طے کی۔ ایس پی اراکین نے این پی آر،این آر سی اور سی اے اے کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
First published: Dec 31, 2019 06:18 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading