ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

الہ آباد: امداد لینے والے ضرورت مندوں کی تصویریں وائرل کرنے پر لگی روک

انتظامیہ نے ایسے افراد کے خلاف بھی سخت کار روائی کرنے کی بات کہی ہے جو صرف اپنے نام اور پبلیسٹی کے لئے لوگوں کی امداد کرتے ہیں اور ان کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل کر رہے ہیں۔

  • Share this:
الہ آباد: امداد لینے والے ضرورت مندوں کی تصویریں وائرل کرنے پر لگی روک
الہ آباد: امداد لینے والے ضرورت مندوں کی تصویریں وائرل کرنے پر لگی روک

الہ آباد۔ لاک ڈاؤن کے دوران ضرورت مندوں کی امداد کرنے  والے افراد کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنا اب مہنگا پڑ سکتا ہے ۔ امدادکے نام پر اپنا پر چار کرنے اور  ضرورت مندوں کی تصویریں سوشل  میڈیا پر  وائرل کرنے والوں کے خلاف  یوگی حکومت نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے تمام اضلاع کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ایسے افراد کے خلاف سخت  کار روائی کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔  مقامی انتظامیہ نے  بھی  لوگوں کی مدد کرتے  ہوئے  ان کی  تصویر لینے اور ان کو سوشل میڈیا پر ڈالنے پر روک لگا دی ہے ۔


انتظامیہ نے ایسے افراد کے خلاف بھی سخت کار روائی کرنے کی  بات کہی ہے جو صرف اپنے نام اور  پبلیسٹی کے لئے لوگوں کی امداد کرتے ہیں اور ان کی  تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل کر رہے ہیں۔ انتظامیہ  کا کہنا ہے کہ  اب کوئی بھی شخص یا تنظیم  اپنی مرضی سے امدادی کام نہیں کر سکیں گی  ۔اس کے لئے مقامی انتظامیہ سے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہوگا ۔ انتظامیہ  نے مشورہ دیا ہے کہ لوگو ں کو انفرادی طور سے امدادی کام کرنے سے بہتر یہ ہے کہ حکومت کی طرف سے کئے جا رہے امدادی کاموں میں اپنا تعاون پیش کریں۔




الہ آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ وجئے شنکر دوبے کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت نے ضرورت مندوں تک امدادی اشیاء مہیا کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ الہ آباد ضلع کی آٹھ تحصیلوں میں حکومت کی جانب سے  آٹھ کمیونٹی کیچن  قائم کئے گئے ہیں ۔ان کیچن سے  ضرورت مندوں اور بے سہارا افراد کو دونوں وقت کا کھانا  مفت فراہم کیا جا رہا ہے ۔مقامی انتظامیہ کے مطابق حکومت سے تسلیم شدہ کئی غیر سر کاری تنظیمیں بھی کمیونٹی کیچن چلا رہی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اس وقت الہ آباد ضلع میں ۲۱ ؍ مقامات پر کمیونٹی کیچن چلائے جا رہے ہیں ۔جہاں سے سینکڑوں ضرورت مندوں  میں  مفت کھانا  تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ریاستی حکومت کسی کو امدادی کام کرنے سے نہیں روک رہی ہے ۔لیکن جو افراد یا تنظیمیں امدادی کام کرنا چاہتی ہیں ان کو حکومت کے ضابطے پر عمل کرنا ہوگا۔
First published: Apr 16, 2020 06:54 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading