نئی دہلی : نئی دہلی میں سینٹرل وقف کونسل کے دفتر میں آج درگاہ اجمیر شریف کی انتظامیہ کمیٹی کا انتخابی عمل پورے اتفاق اور بلا اختلاف مکمل ہوا ، جس میں موجودہ صدر کمیٹی امین پٹھان کو بلا مقابلہ اتفاق کے ساتھ چھوتھی مرتبہ چیئرمین شپ کی ذمہ داری دی گئی ۔ تاہم اگر دیکھا جائے تو اس انتخابی عمل کو پورا ہونے میں ریکارڈ وقت لیا گیا اور پورا انتخابی عمل ایک منٹ سے بھی کم وقت میں پورا ہوگیا ۔ بڑی بات یہ رہی ہے کہ اس کم ترین وقت میں صدر کے علاوہ نائب صدر کا انتخاب کرلیا گیا ۔
تفصیلا ت کے مطابق حضرت خواجہ غریب نواز درگاہ کمیٹی منیجمنٹ کمیٹی ، درگاہ خواجہ صاحب اجمیر کے سالانہ انتخابات منگل کو دہلی میں وزارت اقلیتی امور ، مرکزی وقف کونسل کے انڈر سکریٹری ندیم خان کی موجودگی میں ہوئے ۔ درگاہ کمیٹی نے ایک بار پھر چیئرمین کے عہدے کے لئے مکمل رضامندی کے ساتھ امین پٹھان کا انتخاب کیا ، جبکہ کمیٹی نے منور خان کو نائب صدر کے عہدے کے لئے منتخب کیا ۔
حیرتناک بات یہ رہی کہ کمیٹی کے نامزد سب کے سب 9 ممبران میں اس قدر اتفاق تھا کہ تلاوت قرآن کے بعد سب سے پہلے امین پٹھان کو صدر کے لئے منتخب کیا گیا اور اس کے بعد امین پٹھان کی جانب سے نائب صدر کے لئے منور خان کا نام پیش کیا گیا ، جس پر سب نے اتفاق ظاہرکیا اور اس طرح انتخابی عمل مکمل ہوگیا ۔ جس کے بعد دونوں عہدیداروں کا درگاہ کمیٹی کے تمام ممبران نے گلدستہ پیش کرکے استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر درگاہ کمیٹی کے ممبران فاروق اعظم ، قاسم ملک ، سید شاہد حسین رضوی ، سید بابر اشرف ، صفت خان ، وسیم راحت علی اور جاوید پاریکھ موجود تھے۔ اشفاق حسین اجلاس میں سیکرٹری ، ناظم اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے موجود تھے ۔
100 بستروں کا اسپتال کمیٹی کا ڈریم پروجیکٹانتخابی عمل پورا ہونے کے بعد امین پٹھان نے اپنے اوپر اعتماد کے لئے وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی اور اراکین انتظامیہ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا ۔ امین پٹھان نے کہا کہ وہ پوری مستعدی کے ساتھ ذمہ داری ادا کریں گے اور سب کی امیدوں پر کھرے اتریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں درگاہ کی تزئین کا کام ہوا ہے اور سب سے بڑا کام ٹوائلیٹ بلاک کا ہوا ۔ تاہم ان کا منصوبہ اب درگاہ کے ذریعہ سو بستروں پر مبنی اسپتال بنانا ہے ۔ اس کے علاوہ ایجوکیشن کے لئے کام کیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ ایک زمین غیر قانونی قبضہ سے آزاد کرالی گئی ہے ، جس پر اسپتال کا پروجیکٹ پورا ہوگا اور کل ہی اسپتال کو لے کر بجٹ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔
مصباح الاسلام کو خراج تحسین پیش کیادرگاہ کمیٹی کے ممبئی کے رہائشی رکن مصباح الاسلام 29 اپریل کو بیماری کے سبب انتقال کر گئے ، اس موقع پر درگاہ کمیٹی نے متوفی کو خراج تحسین پیش کیا۔ پٹھان نے کہا کہ مصباح الاسلام درگاہ کمیٹی کے فعال ممبروں میں شامل تھے، ان کی کاوشوں کی وجہ سے خواجہ ماڈل اسکول میں کمپیوٹر لیب اور ہوم سائنس لیب قائم کیا گیا تھا ، جس میں قومی اقلیتی فائنانس ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے سی ایس آر کے تعاون سے کام کیا تھا جبکہ موجودہ مجوزہ لائبریری بھی ان کو کوششوں کا نتیجہ ہے ۔
جاوید پاریکھ درگاہ کمیٹی کے نئے رکن بنائے گئےمصباح الاسلام کی وفات کے بعد درگاہ کمیٹی میں ایک ممبر کا عہدہ خالی ہوگیا تھا ، اس سلسلے میں 14 جون 2021 کو جاوید پاریک کے نام کا نوٹیفکیشن اقلیتی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری کے ذریعہ جاری کیا گیا تھا ۔ اپنی پہلی میٹنگ میں شریک پاریکھ کا تمام ممبران نے خیرمقدم کیا اور گلدستہ پیش کرکے مبارکباد پیش کی۔
کمیٹی کی میٹنگ کے پہلے دن ہوا انتخاب اور بجٹ پر تبادلہ خیالسب سے قبل میٹنگ میں صدر اور نائب صدر کا انتخاب پورا کیا گیا ، جس کے بعد اشفاق حسین نے بجٹ پیش کیا۔ رواں مالی سال کے لئے میٹنگ میں دس کروڑ کا بجٹ پیش کیا گیا۔ بجٹ اور آمدنی کم ہونے کے ذرائع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے زائرین کی سہولت اور ترقی کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے ایک لائحہ عمل طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔