نئی دہلی : اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں سینئر رہنماؤں کے بچوں کو ٹکٹ دیئے جانے کے بعد بھی بھارتیہ جنتا پارٹی نے کنبہ پروری کے الزام سے انکار کیا ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے اتوار کو نیٹ ورک 18 کے ایڈیٹر ان چیف راہل جوشی کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ کنبہ پروری کے خلاف رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کنبہ پروری کی الگ تعریف بھی کی۔
امت شاہ سے سوال پوچھا گیا کہ 'آپ نے کنبہ پروری کی بات کی، مودی جی نے بھی بی جے پی کے سینئر لیڈروں سے اس مرتبہ اپیل کی تھی کہ وہ اپنے رشتہ داروں کے لئے ٹکٹ نہ مانگیں، اس کے بعد بھی آپ لوگوں کو کافی ٹکٹ بانٹنے پڑے؟
اس کا جواب دیتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ ہم جس کنبہ پروری کی بات کرتے ہیں ، اس کی تشریح بھی واضح کر دیتا ہوں۔ ملائم سنگھ یادو کے بعد اکھلیش باقی سبھی لیڈروں کو درکنار کر کے وزیر اعلی بنتے ہیں، یہ کنبہ پروری ہے، فاروق عبداللہ جی کے بعد ان کے بیٹے وزیر اعلی بنتے ہیں، یہ کنبہ پروری ہے، جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، سونیا گاندھی، راہل گاندھی یہ کنبہ پروری ہے، کسی لیڈر کا بچہ الیکشن لڑتا ہے ۔ وہ ایم ایل اے بنے گا، ایم پی بنے گا، سالوں تک کام کرے گا مگر وزیر اعلی نہیں بن سکے گا، اگر اس میں قابلیت نہیں ہے۔ یہ صرف بی جے پی میں دیکھنے کو ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کنبہ پروری کی تشریح اتنی سادہ مت کر دیجئے۔ ملک میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔ راہل گاندھی کو اگر بیٹا یا بیٹی ہوتی ہے ، تو اس میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے کہ اگلا کانگریس صدر کون ہوگا۔ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ بی جے پی کا اگلا صدر کون ہوگا؟ ۔ یہ فرق ہے بی جے پی اور باقی کنبہ پرورپارٹیوں کے درمیان۔ ایک آدمی غریب گھر سے اٹھ کر ملک کا وزیر اعظم بن جاتا ہے، میرے جیسا بوتھ کارکن بی جے پی کا قومی صدر بن جائے، ایسی پارٹی میں کبھی بھی کنبہ پروری نہیں آ سکتی۔
غور طلب ہے کہ یوپی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیٹے پنکج سنگھ کو نوئیڈا، ممبر پارلیمنٹ حکم سنگھ کی بیٹی کو کیرانہ سمیت کئی سینئر لیڈروں کے بچوں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ٹکٹ کی تقسیم کے بعد بی جے پی میں جاری گھمسان کے درمیان کنبہ پروری کا الزام لگایا جانے لگا تھا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔