ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

پولیس اہلکار ملک کو سنبھالیں، حکومت ان کے اہل خانہ کو سنبھالے گی: امت شاہ

پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ وہ مکمل اطمینان کےساتھ اور پوری مستعدی سے ملک کی داخلی سلامتی اور امن و امان کے حالات کو سنبھالیں مودی حکومت ان کے اہل خانہ کو سنبھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ تیار ، باخبر ہے اور رہے گی۔

  • UNI
  • Last Updated: Oct 21, 2020 12:11 PM IST
  • Share this:
پولیس اہلکار ملک کو سنبھالیں، حکومت ان کے اہل خانہ کو سنبھالے گی: امت شاہ
پولیس اہلکار ملک کو سنبھالیں، حکومت ان کے اہل خانہ کو سنبھالے گی: امت شاہ

نئی دہلی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کی داخلی اور خارجی سیکورٹی میں مصروف پولیس اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے آج انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ملک کی داخلی سلامتی کو سنبھالیں مودی حکومت ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کرے گی۔ پولیس میموریل ڈے کے موقع پر شاہ نے آج چانکیہ پوری میں واقع نیشنل پولیس میموریل میں ملک بھر کے شہید پولیس اہلکاروں کو قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا۔


پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ وہ مکمل اطمینان کےساتھ اور پوری مستعدی سے ملک کی داخلی سلامتی اور امن و امان کے حالات کو سنبھالیں مودی حکومت ان کے اہل خانہ کو سنبھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ تیار ، باخبر ہے اور رہے گی۔ حکومت آنے والے دنوں میں ٹریننگ ، بھرتی اور جدید کاری کی سمت میں ایسے بہت سے اقدامات کرنے جارہی ہے تاکہ پولیس فورس مضبوطی کے ساتھ ملک کی خدمت کرسکے۔


وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ دو دہائیوں میں داخلی سلامتی کے محاذ پر دہشت گردی ، سائبر کرائم اور دیگر مسائل کی وجہ سے پولیس کے چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے، انہیں اس سے نمٹنے کیلئے مختلف جہتوں اور پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔ اس سے نمٹنے کے لئے پولیس کو تمام زاویوں سے جدید بنایا جارہا ہے۔ ملک کی سرحدوں کے تحفظ میں مصروف پولیس فورس فوج کی مدد سے اپنا کام انجام دے رہی ہے اور اب سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ٹکنالوجی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جارہا ہے۔ اس سمت میں وسیع پیمانے پر کام کیا جارہا ہے جس کے بعد پولیس فورس ٹکنالوجی اور اپنی مستعدی کے تال میل سے بہتر طریقے سے ملک کو محفوظ رکھ پائیں گے۔



شاہ نے ملک میں پولیس اور آبادی کے تناسب میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس سمت میں کام کر رہی ہے۔ رکشا شکتی وشو ودیالیہ اور اپرادھ وگیان وشو ودیالیہ ملک میں پولیس فورسز اور جرائم کی تحقیقات سے وابستہ سائنسدانوں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے بہت زیادہ تعاون دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار دن رات سڑک پر مخلتف حالات میں رہ کر ملک کی خدمت کررہے ہیں اور ملک اور حکومت کو بخوبی پتہ ہے کہ لوگ تہوار منا رہے ہیں اور گھروں میں چین سے سو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے شہادت دیکر ملک کی ترقی کی راہ کو ہموار کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اب تک 35 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ملکی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ صرف اسی سال 264 پولیس اہلکاروں نے ملک کی خدمت میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔ ملک ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔

کورونا سے پیدا ہونے والے حالات اور خاص طور پر لاک ڈاون کو نافذ کرانے کو عملی جامہ پہنانے میں پولیس اہلکاروں کے تعاون کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے سب سے آگے رہ کر اس لڑائی میں حصہ لیا اور اس دوران 343 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانیں گنوائیں۔ کورونا وبا کے خلاف مہم میں ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے دس جوانوں کی یاد میں پولیس میموریل ڈے ہر سال منایا جاتا ہے ، جنہوں نے 21 اکتوبر 1960 کو سرحد پر اپنے سے کئی گنا زیادہ چینی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملک کی حفاظت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Oct 21, 2020 12:07 PM IST